آئی جی سندھ کی صنعتی و تجارتی علاقوں کے مسائل مشاورت سے حل کرنے کی ہدایات

وفاق ایوان ہائے صنعت تجارت کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 17 اکتوبر 2018 21:13

آئی جی سندھ  کی صنعتی و تجارتی علاقوں کے مسائل مشاورت سے حل کرنے کی ہدایات
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ہدایت کی ہے کہ تمام صنعتی و تجارتی زونز میں مسائل کو نہ صرف تاجر برادری کی تجاویز و مشاورت سے حل کیا جائے بلکہ ان کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران سے علاقوں کی سطح پر رابطوں کو بھی مضبوط اور پائیدار بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سینٹرل پولیس آفس کراچی میںچیئرمین نورمحمد کی سربراہی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے سات رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات کے دوران صوبائی سطح پر قائم صنعتی و تجارتی زونز سے وابستہ تاجر برادری کو درپیش مسائل و مشکلات سمیت دیگر ضروری امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایف پی سی سی آئی کے وفد نے پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ پولیس سندھ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ہیڈکواٹرز سندھ کے علاوہ اے آئی جی آپریشنز سندھ و اے آئی جی ایڈمن سی پی او بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں