محکمہ بلدیات سندھ’’ ریبیز کنٹرول پروگرام‘‘ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کو تیار ہے،وزیر بلدیات سندھ سعید غنی

بدھ 17 اکتوبر 2018 22:09

محکمہ بلدیات سندھ’’ ریبیز کنٹرول پروگرام‘‘ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کو تیار ہے،وزیر بلدیات سندھ سعید غنی
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) وزیر بلدیات و کچی آبادی سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے بھرمیںکتے کے کاٹنے کی شرح کو کم کرنے اور کتوں کی افزائش نسل میں کمی کے لئے سندھ حکومت اور محکمہ بلدیات سندھ’’ ریبیز کنٹرول پروگرام‘‘ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کو تیار ہے۔ پہلے مرحلے میں کراچی کے تمام ڈی ایم سیز اور ضلع کونسل میں سے 5 , 5 ملازمین کو اس کی ماسٹر تربیت کے لئے مختص کیا جائے گا اور اس کے بعد اس سلسلے میں سندھ بھر کے تمام اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے تحت 2030 تک دنیا بھر میں کتوں کے کاٹنے کے خاتمے کے پروگرام میں ہم ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں آئے ہوئے ’’ریبیس کنٹرول پروگرام ‘‘کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ان کی تنظیم نے اس سلسلے میں کراچی کا سروے مکمل کرلیا ہے اور اس دوران یہ بات واضح ہے کہ کراچی میں کتوں کے کاٹنے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ریبیس کنٹرول پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں کتوں کی ویکسینیشن کی جائے گی اور ان کے برتھ کنٹرول کی بھی ویکشینیسن کی جائے گی تاکہ کتوںکی شرح میں مزید اضافہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اس وقت کتوں کی افزائش نسل میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ وفد نے صوبائی وزیر بلدیات کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اس سلسلے میں ڈبلیو ایچ او اور ورلڈ آرگنائزیشن فور اینیمل ہیلتھ کے تعاون سے اب تک کراچی کی ابراہیم حیدری کی تین یونین کونسلز میں 2145 کتوں کی ویکسینیشن کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے وفد کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس سلسلے میں حکومت سندھ اور محکمہ بلدیات سندھ ان سے بھرپور تعاون کرے گی اور اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں کراچی کی 6 ڈی ایم سیز اور ایک یونین کونسل کے فی کس 5 افراد کو ان کی آرگنائزیشن کے ساتھ ماسٹر ٹرینرز کی حیثیت سے شامل کرایا جائے گا اور یہ ماسٹر ترینرز مزید 50 افراد کو اپنی اپنی ڈی ایم سیز میں ٹرینگ دیں گے اور بعد ازاں اس سلسلے کو سندھ بھر کے دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ ماضی میں کتوں کو زہر دے کر مارنے کی روایت تھی لیکن جاندار کو مار دینے کے حوالے سے تحفظات کے بعد سندھ بھر میں اس سلسلے کو بند کردیا گیا، جس کے بعد کتوں کی تعداد اور ان کے کاٹنے کے واقعات میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے لیکن اب ریبیس کنٹرول پروگرام کے تحت اس کی روک تھام ایک بہتر اقدام ہے اور ہم اس میں آپ کا بھرپور ساتھ دینے کا تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں