بلاول بھٹو زرداری کا سانحہ کارساز کے شہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت

بدھ 17 اکتوبر 2018 22:53

بلاول بھٹو زرداری کا سانحہ کارساز کے شہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کے شہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے، جنہوں نے گیارہ سال قبل اس وقت جام شہادت نوش کیا جب دہشتگردوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا استقبال کرنے کے لیئے جمع ہونے والے 30 لاکھ کے مجمعے کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

180 شہدا کے 11 ویں یومِ شہادت کے موقعے پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی اور اسے مضبوط بنانے کی جدوجہد کے دوران ان کی پارٹی نے خون کے دریا پار کیئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمریت اور دہشتگردوں نے ایک گٹھ جوڑ کے تحت اس ٹرک کو نشانہ بنانے کی سازش کی جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور پارٹی کی سینیئر قیادت سوار تھے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو سانحہ کارساز کے بعد بھی آمریت اور دہشتگردی کو مسلسل چیلینج کرتی رہیں اور بالاخر 27 دسمبر 2007 کو اپنی جان کی قربان کردی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی قیادت اور کارکنان اپنے ان شہدا کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں جنہوں نے آمریت اور دہشتگردوں کے خلاف جوانمردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں