کراچی،قومی اسمبلی کے حلقہ این ای247 اور سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس111 میں ضمنی انتخاب پرسوں ہوں گے

جمعہ 19 اکتوبر 2018 15:17

کراچی،قومی اسمبلی کے حلقہ این ای247 اور سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس111 میں ضمنی انتخاب پرسوں ہوں گے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) کراچی،قومی اسمبلی کے حلقہ این ای247 اور سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس111 میں ضمنی انتخاب پرسوں ہوں گے۔دونوں حلقوں میں تحریک انصاف، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی میں کانٹے کامقابلہ متوقع ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں صدرمملکت عارف علوی اورگورنرسندھ عمران اسماعیل کی چھوڑی نشستوں پرضمنی الیکشن کا دنگل اتوارکوسجے گا۔

کراچی کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لئے انتخابی مہم کاوقت ختم ہوگیاہے۔قومی اسمبلی کی نشست این اے 247پر تحریک انصاف کے آفتاب حسین صدیقی کومیدان میں اتاراہے،معروف اداکارقیصرنظامانی پیپلزپارٹی اورصادق افتخارایم کیوایم کے امیدوارہیں۔ڈپٹی مئیرکراچی ارشد وہرہ پاک سرزمین پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ایس 111 میں 15امیدوارآمنے سامنے ہیں، پی ٹی آئی کے شہزاد قریشی، پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ اورایم کیوایم کے جہانزیب مغل میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

دونوں حلقوں میں 7لاکھ22 ہزار سے زائدووٹرز کے لئے 320 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو ضمنی انتخابات کے لیے سہولت سینٹر قائم کردیا ہے، سہولت سینٹر 21اکتوبر کو صبح8 سے شام 6بجے تک کام کرے گا اور متعلقہ حلقوں کی شہری تفصیلات حاصل کرسکیں گے۔خیال رہے 2013 کے انتخابات سے ہی این اے 247 تحریک انصاف کا مضبوط حلقہ بن چکا ہے، ڈاکٹر عارف علوی اس حلقے سے دوبار کامیاب قرار پائے صدر مملک بننے کے بعد انہوں نے یہ نشست خالی کی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل صوبائی نشست پی ایس 111 سی منتخب ہوئے تھے تاہم گورنر سندھ بننے کے بعد انہوں یہ نشست خالی کی تھی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں