کے سی سی آئی کو نمائش میں شرکت کی دعوت،کینیا میں سنگل کنٹری نمائش کے لئے ٹی ڈی اے پی سے رابطہ کرے گا، جنید ماکڈا

’ گلوبل سسٹین ایبل بلیو اکنامک کانفرنس‘‘ 26 نومبر سے نیروبی میں منعقد ہوگی، ہائی کمشنر کراچی چیمبر

جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:30

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) کینیاء کے ہائی کمشنر پروفیسر جولیس کیبیٹ بیٹوک نے کراچی چیمبر کو نیروبی میں 26 سے 28 نومبر 2018ء تک منعقد ہونے والی ’’ گلوبل سسٹین ایبل بلیو اکنامک کانفرنس‘‘ میں حصہ لینے کے لیے مدعو کیا ہے جس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے 6ہزار کے قریب وفود شرکت کریں گے۔کے سی سی آئی کے دورے کے موقع پر عہدیدران اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ کانفرنس یورپی یونین اور جاپان کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے جو سمندری معیشت بشمول فشریز ، میری ٹائم، شپنگ و لاجسٹک و دیگر کا احاطہ کرے گی نیز کراچی کی تاجروصنعتکار برادری کو ایک مکمل پلیٹ فارم مسیر آنے کے ساتھ ساتھ ان کی مصنوعات اور خدمات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

اجلاس میںکینیاء کے اعزازی قونصل جنرل محمد حنیف جانو ، کے سی سی آئی کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا، سینئر نائب صدر خرم شہزاد، نائب صدرآصف شیخ جاوید اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی شریک تھے۔کینیاء کے ہائی کمشنر پروفیسر جولیس کیبیٹ بیٹوک نے پاکستان اور کینیاء کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارت پر تبصرہ کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ دونوں ممالک کو دیگر شعبوں کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے کیونکہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ پاکستانی چاول اور کینیا کی چائے کی دونوں ممالک کے درمیان عموماً تجارت کی جارہی ہے۔

کینیا کے ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے مابین سیاحت کے فروغ اور تاجربرادری کے درمیان رابطوں کو بڑھانے پر زور دیا جو موجودہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔ انہوں نے نیروبی میں پاکستان کی سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد پر بھی زور دیا تاکہ پاکستان کی تاجربرادری کی خدمات اور مصنوعات کے بارے میںکینیا کی تاجربرادری کو آگاہی فراہم کی جاسکے ۔

انہوں نے کے سی سی آئی کے عہدیدران کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ کے سی سی آئی کے نئے عہدیداران پاکستان اور کینیا کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے میں مخلصی کے ساتھ کوششیں کریں گے۔ اس موقع پر کینیا کے اعزازی قونصل جنرل محمد حنیف جانو جو کراچی چیمبر کے سابق صدر بھی ہیں انھوں نے کہا کہ کینیا کا دورہ کرنے کا ارادرہ رکھنے والوں کو آن لائن سہل طریقہ کارکے ذریعے 24گھنٹوں کے اندر ویزہ جاری کردیا جاتا ہے تاہم اگر ویزہ کے اجراء میں کسی بھی شخص کو پریشانی کا سامنا ہو تو وہ مجھ سے رابطہ کریں اور میں یقین دہانی کروں گا کہ مطلو بہ ویزہ بروقت جاری کیا جائے۔

کے سی سی آئی کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے بلیو اکنامک کانفرنس میںکے سی سی آئی کے وفد کو بھیجنے کی ممکنہ یقین دہانی کرواتے ہوئے ایونٹ کے بارے میں مزید معلومات دریافت کیں۔انہوں نے کانفرنس میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی یقین دہانی کروائی جس سے کراچی کی تاجر برادری کو درست پارٹنر کو تلاش کرنے کے علاوہ کینیا کے ساتھ تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ کراچی چیمبر نیروبی میں سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے رابطہ کرے گا جو بلیو اکنامک کانفرنس کے ساتھ ساتھ منعقد کی جاسکتی ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات اور خدمات کو زیادہ سے زیادہ تشہیر کیا جاسکے۔انہوںنے کہاکہ کے سی سی آئی کینیا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے کا خواہاں ہے ۔

ہمیں یقین ہے کہ کینیا جیسے ممالک کے ساتھ تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے سے پاکستان کو معاشی بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی جو خوشحالی یقینی بنانے اور ہر ایک کے لیے جیت کی صورتحال پیدا کرے گی۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کی تاجربرداری کو ایک دوسرے کے زیادہ قریب لانے کے لیے کے سی سی آئی کینیا کی حکومت اور کینیا کے چیمبرزکے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کرنے کا خواہش مند ہے جو دونوں ملکوں کے حق میں ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے پاکستان اورکینیا کے مابین تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور تجارتی وفود کے تبادلے پر زور دیا جو تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور دونوں ممالک کی اقتصادی خوشحالی یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔پاکستان اور کینیا کی حکومتوں کو تجارتی سہولتوں کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کردار ادا کرنا چاہیے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں