گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آسٹریا کی سفیر بریجیٹا بلاھا کی ملاقات

جمعہ 19 اکتوبر 2018 21:20

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آسٹریا کی سفیر بریجیٹا بلاھا Brigitta Blaha نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر آسٹریا کے اعزازی قونصل جنرل بابر تجمل بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاک آسٹریا سفارتی تعلقات، اقتصادی تعاون، صوبہ میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی موجودگی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاک آسٹریا اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ملک کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لئے وفاقی حکومت ہر شعبہ میں اقدامات کررہی ہے جبکہ خصوصاً سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے ہر ممکن سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے تاکہ صنعتی پیداوار میں روزگار کے نئے مواقعوں کی فراہمی ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے تاجروں اور صنعت کاروں کے وفود کے باہمی تبادلوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے ان شعبوں کی نشاندہی ہو سکے گی جہاں اقتصادی تعاون کی ضرورت ہے۔ آسٹریا کی سفیر نے وفود کے تبادلوں کے سلسلے میں گورنر سندھ کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں