اینگرو کارپوریشن نے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 15:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) اینگرو کارپوریشن نے 30ستمبر2018کوختم ہونے والے 9ماہ کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیاہے ۔کمپنی کا مجموعی بعد از ٹیکس منافعہ 53فیصد اضافہ کے ساتھ17,853ملین روپے رہا جبکہ حصص یافتگان کا قابلِ منسوب بعد از ٹیکس منافع پچھلے سال کی اسی مدت کی6,916ملین روپے کے مقابلے میں 9,949ملین روپے رہا۔

2018کے پہلے 9ماہ میں کمپنی کا ریونیو33فیصد اضافے کے ساتھ114,644 ملین روپے رہاجو پچھلے سال کی اسی مدت کے دوران86,431 ملین روپے تھا۔ کھاد اور پیٹروکیمیکل کی کارکردگی میں بہتری کمپنی کی آمدنی میں اضافہ کی بنیادی وجہ تھی ۔انفرادی کارکردگی کی بنیاد پر اینگرو کارپوریشن کو پچھلے سال کی اسی مدت کی 6,502ملین روپے کے مقابلے میں7,046ملین روپے کا منافع ہوا جبکہ کمپنی کی فی حصص آمدنی13.45روپے فی حصص رہی۔

(جاری ہے)

کمپنی نے تیسری سہ ماہی کیلئے 7روپے فی حصص عبوری نقد ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا جو کہ سال 2018کے دوران پہلے 6ماہ کے ڈیوڈنڈ کے ساتھ مجموعی طورپر 19روپے ہوگیا ہے۔ کمپنی کے فرٹیلائیزر کے کاروبارکی آمدنی میں 43فیصد اضافہ ہواجبکہ بعد ازٹیکس منافع میںپچھلے سال کے 12249ملین روپے کے مقابلے میں77فیصد اضافہ ہوا۔فرٹیلائیز رکی مانگ میں اضافہ ، کم مالیاتی اخراجات اورکارپوریٹ ٹیکس میں 30فیصد سے 25فیصد تک بتدریج کمی کمپنی کے زائد منافع کی بنیادی وجہ رہی۔

تاہم حکومت کی جانب سے سبسڈی کی ترسیل میں تاخیرکی وجہ سے کمپنی کا فعال سرمایہ دبائو کا شکار رہا۔ 2018کے پہلے 9ماہ میں پی وی سی کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں اس سال کمپنی کے پی وی سی کے کاروبار میں 25فیصد اضافہ ہوا۔ کمپنی کا بعد ازٹیکس منافع پچھلے سال کی اسی مدت کی1947ملین روپے کے مقابلے میں 3865ملین روپے رہا۔

کمپنی کے انرجی کے اثاثوں میں سے قادر پور پاور پلانٹ نے توقعات کے مطابق کام کیا۔پلانٹ سے 1156GwHبجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی گئی۔ گردشی قرضوں میں اضافہ کاروبار اور بجلی کی پیداواری کمپنیوں کیلئے ایک مسلسل چیلنج بن رہا ہے۔جس کا متعلقہ حکام کی جانب سے فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔تھر پراجیکٹ کے دونوںمنصوبوں پر اس سال تسلسل کے ساتھ کام جاری رہا۔

2018کے اختتام تک پلانٹ سے گرڈ تک پہلے الیکٹران کا بہائو منصوبے کااہم ہدف ہے۔ پلانٹس کو اسٹارٹ کرنے کیلئے درکار ضروری بجلی کے حصول کیلئے نصف سال کے اختتام تک تھرپاور جین منصوبے کے دونوں یونٹس کامیابی سے نیشنل گرڈ سے منسلک کردیئے گئے تھے۔کمپنی کی جانب سے قائم کردہ ملک کے پہلے ایل این جی ٹرمینل نے پچھلے سال کے 52جہازوں کے مقابلے میں اس سال ایل این جی سے لدے 55جہازوں کو ہینڈل کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں