کراچی، سی ٹی ڈی کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 4 ملزمان گرفتار

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں سی ٹی ڈی نے کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گرد سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)کی جانب سے شہر کے دومختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں جن میں کورنگی اور رضویہ شامل ہے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے کورنگی میں کارروائی کے دوران 2 اسٹریٹ کرمنل جبکہ ایک دہشت گرد گرفتار ہوا۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، ملزمان مختلف علاقوں میں لوٹ مار کی وارداتیں کرتے تھے۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 موبائل فون، ممنوعہ لٹریچر اور 2 پستول برآمد ہوئے ہیں۔دوسری جانب سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے رضویہ سے بھتہ خور کو گرفتار کیا جس کے پاس اسلحہ برآمد ہوا۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ساجد علی کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ شہرقائد میں سی ٹی ڈی نے کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا تھا۔یاد رہے کہ رواں سال 5 مئی کو شہرقائد میں محکمہ انسداد دہشت گردی سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں