سندھ حکومت جدید فارنزک لیبارٹری کا قیام عمل میں لارہی ہے، مرتضی وہاب سندھ فارنزک لیب کی فزیبیلٹی اور ٹیکنیکل رپورٹ تیار ہوچکی ہے، مشیر اطلاعات

اتوار 21 اکتوبر 2018 17:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت جدید خطوط پر فارنزک لیب کا قیام عمل میں لارہی ہے اس کی فزیبیلٹی اور ٹیکنیکل رپورٹ تیار ہوچکی ہے ان خیالات کا اظہار صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ سندھ میں فارنزک لیب موجود نہیں۔

لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز میں فارنزک لیبارٹری میں تحقیق کا کام ہوتا ہے مگر وہ جدید آلات پر مشتمل نہیں ہے۔ مشیر اطلاعات نے بتایا کہ سندھ فارنزک لیب کے لیے ضلع ملیر کراچی میں زمین کی ڈیمارکیشن اور فنڈ کی ایلوکیشن مکمل ہوچکی ہے دو سے ڈھائی سال کی مدت میں سندھ فارنزک لیب اسٹیٹ آف دی آرٹ کی شکل میں سندھ حکومت کا عوام کے لیے نادر تحفہ ہوگی ۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ لاہور کی فارنزک لیب میں ڈی این اے کی جانچ ہوتی ہے مگر سندھ فارنزک لیب میں دنیا کے جدید آلات اور ٹیکنالوجی ہوگی اور اس لیبارٹری کو آنے والے وقتوں میں اپ گریڈ کرنے اور توسیع کرنے کے انتظامات بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کراچی یونیورسٹی میں قائم ایچ ای جے انسٹیٹیوٹ میں دوسرے ادارے اور ممالک اپنی کیمیکل ٹیسٹنگ کراتے ہیں بالکل اسی طرح سندھ فارنزک لیب میں بھی قومی اور بین الاقوامی ادارے فارنزک اور تحقیق کا کام کرائیں گے جس سے سندھ فارنزک لیب اپنے مالیاتی اخراجات اور ریسرچ کرنے والوں کو معقول ادائیگی کرنے کے قابل ہو گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ فارنزک لیب کا قیام پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا عکس ہے جس سے پاکستان میں رہنے والا ہر فرد استفادہ کرے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں