بلدیہ عظمیٰ کراچی مرحلہ وار نالوں پر تجاوزات کا خاتمہ اور نالوں کی چینلائزیشن کا کام کر رہی ہے،میئر کراچی وسیم اختر

لوگوں کی مشکلات کا اندازہ ہے تبھی اس علاقے میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، صفائی کے کام کا جائزہ لینے کے گفتگو

اتوار 21 اکتوبر 2018 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ نالوں پر تجاوزات کراچی کا قدیم مسئلہ ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی مرحلہ وار ان نالوں پر تجاوزات کا خاتمہ اور نالوں کی چینلائزیشن کا کام کر رہی ہے، شیر شاہ نالے پر تجاوزات کے خاتمے اورنالے کی صفائی کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے، نالے پر اسکول اور دیگر تعمیرات کا قیام بدقسمتی کی بات ہے، لوگوں کی مشکلات کا اندازہ ہے تبھی اس علاقے میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، یہ بات انہوں نے یوسی2، لیبراسکوائرضلع غربی میں شیر شاہ نالے پر قائم تجاوزات کے خاتمے اور نالے کی مشینوں کے ذریعے صفائی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، اس موقع پر بلدیہ غربی کے چیئرمین اظہار احمد خان، یوسی2 کے چیئرمین حبیب الرحمن اور دیگر منتخب نمائندے اورافسران بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

میئرکراچی نے شیر شاہ نالے پر قائم کی جانے والی تجاوزات کا معائنہ کیا اور انہیں تیزی سے ہٹانے کی ہدایت کی، انہوںنے کہاکہ نالے پر کنکریٹ تجاوزات کی موجودگی کے باعث یہ ممکن نہیں تھا کہ نالے میں پانی کا بہاؤ برقراررہے ،مسلسل کچرا اور دیگر فضلہ پھینکے جانے کی وجہ سے نالے کی سطح خاصی بلند ہوگئی تھی جس کی وجہ سے پورے علاقے میں سیوریج سسٹم متاثر ہوا، خاص طورپر برسات کے دنوں میں اس علاقے کے نشیبی حصے مکمل طورپر زیرآب آجاتے ہیں لہٰذا اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ شیر شاہ نالے پر قائم ہر قسم کی تجاوزات ہٹا ئی جائیں اور نالے کی مکمل صفائی کرکے پانی کے بہاؤ کو بحال کیا جائے، انہوں نے کہاکہ شیرشاہ نالے کی 22سال بعد صفائی ہورہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اس کام کو جلد از جلد مکمل کرلیا جائے، مشینی کام ختم ہونے کے بعد مینول طریقے سے نالے کی صفائی کی جائے گی،انہوںنے کہاکہ ضلع غربی کراچی کا سب سے بڑاڈسٹرکٹ ہے جہاں مسائل کی بھرمارہے گزشتہ دس سال کے دوران اس ضلع میں ترقیاتی کام نہیں کرائے گئے جبکہ صفائی ستھرائی کی صورتحال بھی انتہائی خراب رہی جس کی وجہ سے یہاںکے مکینو ں کو سخت مشکلات برداشت کرنا پڑی ہیں ، ہم یہ چاہتے ہیں کہ علاقے کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت سے ان مسائل کا حل نکالا جائے اور جہاں جہاں ترقیاتی کاموں کی فوری ضرورت ہے دستیاب وسائل کے ذریعے انہیں کرایا جائے تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے، انہوں نے کہاکہ منتخب نمائندوں سے لوگ یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ ان کے مسائل حل کریں گے اسی لئے وہ ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ ان کے علاقوں میں ترقی اور بہتری کے کام ہوں، تاہم ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ تمام مسائل فوری حل کردیئے جائیں اور بتدریج ہم یہ کام کرارہے ہیں، نالوں پر تجاوزات کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے ماضی میں کوئی سنجیدہ کوشش کی ہی نہیں گئی ،برساتی نالے نکاسی آب کا قدرتی ذریعہ ہیں اگر انہیں تجاوزات قائم کرکے بند کردیا گیاتو نکاسی آب کیسے ہوگی اور علاقے میں نکاسی کا نظام کیسے کام کرے گا، انہوں نے لوگوں سے بھی درخواست کی کہ وہ نالوں میں کوڑا کچرا بالکل نہ ڈالیں اور نہ ہی تعمیراتی ملبہ ان میں پھینکا جائے، انہو ں نے کہاکہ کراچی کے جملہ مسائل سے صدر، وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کو آگاہ کرچکا ہوں اور ان سے بارہا درخواست کی ہے کہ خدارا اس شہر کے مسائل کے حل پر فوری توجہ دی جائے، کچرے اور دھوئیں کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں، امید ہے کہ نئی حکومت اس سلسلے میں کوئی قدم اٹھائے گی اور کراچی کے تباہ حال علاقوں کی حالت سنورے گی، ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیں اپنے شہر کو صاف ستھرا بنانا اور اس کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہوگا، کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اس لئے اس پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے تبھی پائیدار ترقی کا خواب پورا ہوسکے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں