انور مقصود کے ڈرامے سے آرٹس کونسل جنوری میں اپنی پروڈکشن شروع کرے گی، گورننگ باڈی کا فیصلہ

اتوار 21 اکتوبر 2018 21:30

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی گورننگ باڈی نے فیصلہ کیاہے کہ انور مقصود کے ڈرامے سے آرٹس کونسل جنوری میں اپنی پروڈکشن شروع کرے گی۔ بعد ازاںٹی وی کے لئے بھی پروڈکشن کا کام کیا جائے گا جس سے آرٹس کونسل کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔فائن اینڈ پرفارمنگ آرٹ یونیورسٹی کے لئے ایجوکیشن سٹی میں زمین حاصل کی جائے۔

اس سے قبل آرٹس کونسل اکیڈمی میں انفراسٹرکچر مضبوط کرنے اور فیکلٹی ممبر میں اضافہ کیا جائے گا۔ سندھ تھیٹر فیسٹیول کے دوران 2یوم تک انور مقصود کا ڈرامہ کیوں نکالا 10 اور 11 نومبرصرف ممبران کے لئے ہوگا۔ 10نومبر تک ممبر شپ فیس کی تجدید ہوگی اس کے بعد اس سال ممبر شپ تجدید نہیں ہوسکے گی۔ ممبران کے لئے نئی آرٹس کونسل میں گارڈن ریسٹورنٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جو جاری منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی کھول دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گورننگ باڈی کا اجلاس جمعہ کو صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ گورننگ باڈی کو بتایا گیا کہ اس وقت آرٹس کونسل اکیڈمی میں 300 سے زائد طالب علم تعلیم حاصل کررہے ہیں۔14 نئے اساتذہ کا تقررعمل میں لایا گیا ہے۔ ضرورت پڑنے پر مزید فیکلٹی کا تقرر کیا جائے گا، ڈاکٹر عشرت حسین کی صدارت میں قائم بورڈ آف گورنر اس اکیڈمی کی سرپرستی کررہا ہے۔

سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے رجسٹریشن حاصل کی جارہی ہے۔ فی الحال ان طالب علموں کو سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔ اکیڈمی میں کمیونی کیشن اینڈ ڈیزائن ڈیپارٹمنٹ بھی قائم کیا جارہا ہے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے گورننگ باڈی کو بتایا کہ نئی عمارت مکمل ہوچکی، اے سی آڈیٹوریم میں ایک سال سے پروگرام منعقد ہورہے ہیں۔ آئندہ ماہ حکومت سندھ کے محکمہ ثقافت کے اشتراک سے منعقد ہونے والے سندھ تھیٹر فیسٹیول میں 20 ڈرامے شامل کئے جارہے ہیں۔

10 سندھی اور 10اردو کے جبکہ عالمی اردو کانفرنس میں شرکت کے لئے دنیا بھر سے اسکالرنے آنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔ نئی عمارت میں پروڈکشن ہاس تعمیر کئے گئے ہیں جو آرٹس کونسل کی آمدنی کا ذریعہ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل اپنی پروڈکشن شروع کررہی ہے جس سے آرٹس کونسل کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ آرٹس کونسل میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں جو جلد مکمل ہوں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں