پاکستان میں عوامی جدوجہد کی تاریخ بیگم بھٹو کے ذکر کے بغیر نامکمل ہوگی، بلاول بھٹو زرداری

بیگم نصرت بھٹو ضیا کی آمریت کو للکارنے والی پہلی آواز تھیں، جنہوں نے ملک کی تمام جمہوری قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اِکٹھا کیا

پیر 22 اکتوبر 2018 23:33

پاکستان میں عوامی جدوجہد کی تاریخ بیگم بھٹو کے ذکر کے بغیر نامکمل ہوگی، بلاول بھٹو زرداری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو ان کی ساتویں برسی کے موقعے پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں عوامی جدوجہد کی تاریخ بیگم بھٹو کے ذکر کے بغیر نامکمل ہوگی۔ مادرِ جمہوریت کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو ضیا کی آمریت کو للکارنے والی پہلی آواز تھیں، جنہوں نے ملک کی تمام جمہوری قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اِکٹھا کیا اور بحالی جمہوریت کے لیئے ایک تاریخی تحریک چلائی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بیگم نصرت بھٹو کی قیادت اور ویژن کا کمال تھا کہ انہوں نے جمہوریت کی لڑائی میں دیگر جمہوری قوتوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی خواتین کو بھی جدوجہد کا ہر اول دستہ بنایا۔

(جاری ہے)

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ بیگم بھٹو نے اپنی تمام زندگی عوام دشمن قوتوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے گذاری اور پاکستانی عوام کے حقوق کی جنگ میں انہیں اپنا پورا خاندان قربان کرنا پڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی قربانی جیسی مثالیں پوری انسانی تاریخ میں انگلیوں پر گنتی جتنی بھی نہیں ملتیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن اور بیگم نصرت بھٹو کی قربانیوں کی وارث و امین ہے اور ان کا جمہوری، ترقی پسند و خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے تک سرگرم عمل رہے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں