جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا تاثر درست نہیں، مرتضیٰ وہاب

بعض محکموں کا 10 سالہ مانگا گیا ریکارڈ مرتب کر کے جلد فراہم کیا جائے گا،مشیر اطلاعات سندھ

منگل 23 اکتوبر 2018 16:18

جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا تاثر درست نہیں، مرتضیٰ وہاب
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) مشیرِ اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا تاثر قطعی درست نہیں، سندھ حکومت ایف آئی اے کی جے آئی ٹی سے تعاون کر رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق مشیرِ اطلاعات، قانون و اینٹی کرپشن سندھ نے جے آئی ٹی کو ریکارڈ فراہمی کے معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو باقی معلومات اکٹھا کر کے جے آئی ٹی کو دینے کا کہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا تاثر قطعی درست نہیں، جے آئی ٹی نے جو ریکارڈ مانگا وہ فراہم کیا گیا ہے، بعض محکموں کا 10 سالہ مانگا گیا ریکارڈ مرتب کر کے جلد فراہم کیا جائے گا۔واضح رہے کہ جعلی بینک اکانٹس کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے ائی ٹی کے سربراہ احسان غنی نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کو بتایا کہ سیکرٹری توانائی کیس کی تحقیقات میں جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے۔

(جاری ہے)

مرتضی وہاب نے کہا کہ دس سالہ ریکارڈ کو جمع کرنے میں وقت درکار ہوتا ہے، سندھ حکومت نے جے آئی ٹی کو ریکارڈ فراہمی میں تاخیر سے کام نہیں لیا۔دریں اثنا مرتضی وہاب نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا موقف ہے کہ 1991 کے معاہدے کے تحت پانی نہیں مل رہا، سندھ کو معاہدے کے تحت پانی کی فراہمی ممکن بنانے کی درخواست کرتا ہوں، کراچی کو 1200 کیوسک اضافی پانی ملنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 2 سال پہلے کراچی کو اضافی پانی دینے کے لیے معاملہ اٹھایا تھا، خوش قسمتی ہے کہ آبی ذخائر کا چارج فیصل واوڈا کے پاس ہے وہ ہماری مدد کریں۔مشیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ الزامات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا کام کر کے دکھانا پڑے گا، وفاق کے پاس چیئرمین واٹر بورڈ کے خلاف ثبوت ہیں تو عدالت لے کرجائیں، چوری کون کر رہا ہے اس کا فیصلہ عدالتیں کریں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں