گورنرسندھ سے ملاقات کے بعد آئل ٹینکراونرز نے ہڑتال ختم کردی

پاکستان آئل ٹینکر اونر ز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی گورنرسندھ سے ملاقات ، مسائل سے آگاہ کیا

منگل 23 اکتوبر 2018 17:56

گورنرسندھ سے ملاقات کے بعد آئل ٹینکراونرز نے ہڑتال ختم کردی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کے بعد پاکستان آئل ٹینکر اونر ز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان گڈز کیریئر اونرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے اس ضمن میں پاکستان آئل ٹینکر اونر ز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مشترکہ وفد نے گورنر ہائوس میں گورنرسندھ سے ملاقات کی ۔

وفد میں ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئر مین میر شمس شاہوانی ، گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نثار جعفری ، حاجی بابر، ملک چراغ ، حاجی ناظم الدین اور دیگر شامل تھے ۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان بھی موجود تھے ۔گورنرسندھ نے وفد کے مسائل تفصیل سے سننے کے بعد کہا کہ بات چیت سے ہر مسئلہ کا حل نکا لا جا سکتا ہے ، موجودہ حکومت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والے اسٹیک ہولڈرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے وژن پر گامزن ہے ، آئل ٹینکرز اور گڈز کیریئر دونوں قومی معیشت کا پہیہ ہیں،میں،آئل ٹینکراور گڈز ایسوسی ایشنز کے مسائل متعلقہ محکموں تک پہنچائوں گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ یہ فیصلہ درست ہے کہ 20 برس پرانے ٹینکرز تبدیل ہونا چاہئیں حکومت کے اس فیصلہ کو ٹرانسپورٹرز کی حمایت بھی حاصل ہے، موجودہ صورتحال پر پاکستان اسٹیٹ آئل کے منیجنگ ڈائریکٹر سے فی الحال معاملہ 2 ماہ کے لئے موخر کرنے کو کہا ہے تاکہ اس دوران کوئی قابل قبول راستہ تلاش کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کی ترقی کے لئے آئل ٹینکرز اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی بھرپور کوششیں کریں گے اس ضمن میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا ،پرانے ٹینکرز کی فروخت اورنئے ٹینکرز کی خریداری کے لئے مختلف امور کا جائزہ لیں گے کہ کس طرح ٹینکرز کی خریداری میں حکومت ان کے مالکان کی مدد کرسکتی ہے ، مضاربہ کے ذریعہ ٹینکرز خریداری میں مدد پر بھی غور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکراور گڈز ایسوسی ایشنز کے مسائل کے لئے وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرزسید علی زیدی اور وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید سے بات کروں گا اور ان سے بھی مسائل کے حل میں مدد حاصل کریں گے مل جل کرہی مسائل کا حل یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔وفد کے اراکین نے مسئلہ کے حل کے لئے گورنرسندھ کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور گورنرسندھ کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلا ن بھی کیا ۔وفد کے اراکین نے کہا کہ ہمارے مسائل کے حل کے لئے گورنرسندھ بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ، ہمیں گورنرسندھ پر بھرپور اعتماد ہے کہ وہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کراسکتے ہیں اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہڑتال ختم کردی جائے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں