کراچی،بریک ڈائون، شہر قائد کا80فیصد علاقہ بجلی سے محروم تاہم تقریباًساڑھے 4گھنٹوں کے بعد بیشترعلاقوں کی بجلی کی بحالی کردی گئی

پیر 12 نومبر 2018 14:02

کراچی،بریک ڈائون، شہر قائد کا80فیصد علاقہ بجلی سے محروم تاہم تقریباًساڑھے 4گھنٹوں کے بعد بیشترعلاقوں کی بجلی کی بحالی کردی گئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) بجلی کے ایک اور بڑے بریک ڈائون کے نتیجے میں شہر قائد کا80فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا تاہم تقریباًساڑھے 4گھنٹوں کے بعد بیشترعلاقوں کی بجلی کی بحالی کردی گئی،کے الیکٹرک کے شکایتی سیل نے ہر بحران کی طرح اس بار بھی فون اٹھانا بند کر دیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں پیرکی علی الصبح 6بج کر20منٹ پرہونے والے بریک ڈائون سے ڈیفنس، گارڈن، بفرزون، ناظم آباد، گلشن حدید، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، ایف بی ایریا، شاہ فیصل کالونی، پی ای سی ایچ ایس، محمود آباد، بہادر آباد، کلفٹن گلستان جوہر، صدر اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

بجلی کی معطلی کی وجہ سے صبح سویرے شہریوں کو تعلیمی اداروں اور کام کاج پر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

کراچی میں بجلی کی ترسیل کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق نیشنل گرڈ سے سپلائی منقطع ہونے اور ٹرپنگ کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔بجلی کی ترسیل کے قومی ادارے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی( این ٹی ڈی سی)کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پیرکو شدید دھند کی وجہ سے سدرن ریجن میں جہاں سے کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے سپلائی جاتی ہے وہاں ٹرپنگ شروع ہوئی، مگر کے الیکٹرک کا اپنا سسٹم بھی ٹرپ کرگیا جس کے باعث کراچی میں بجلی کی سپلائی کے مسائل پیدا ہوئے، تاہم این ٹی ڈی سی کا باقی سسٹم پورے پاکستان میں بحال ہے۔

واضح رہے کہ شہر میں یہ ڈیڑھ ماہ کے دوران بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈان ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں