سندھ حکومت عوام کو بتائے کہ کراچی میں پانی کی کمی دور کرنے کے لئے اس کے پاس کیا پلان ہے، رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان

بدھ 14 نومبر 2018 23:12

سندھ حکومت عوام کو بتائے کہ کراچی میں پانی کی کمی دور کرنے کے لئے اس کے پاس کیا پلان ہے، رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے پانی کے بحران میں شدت پیدا ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوام کو بتائے کہ کراچی میں پانی کی کمی دور کرنے کے لیے اس کے پاس کیا پلان ہے۔ بدھ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو بتایا جائے کہ پانی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے نمٹنے کے لئے سندھ حکومت نے اب تک کیا اقدامات کئے ہیں، ہائیڈرنٹس کو چوبیس گھنٹے پانی ملتا ہے لیکن رہائشی علاقوں کو کئی کئی دن پانی دستیاب نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پورے سندھ بالخصوص کراچی کے لوگ پانی کی قلت کا شکار ہیں، واٹر بورڈ افسران بدعنوانی میں ملوث ہیں جس کی وجہ سے پانی کی چوری روز کا معمول بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

خرم شیر زمان نے کہا کہ ٹینکر مافیا کا کاروبار خوب پھل پھول رہا ہے اور شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، پانی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے جس کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا، اس شہر کی معیشت تباہ ہو رہی ہے کیونکہ پانی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں پانی نہیں، ترقی ناممکن ہوجاتی ہے۔ واٹر بورڈ اور سندھ حکومت کا فرض ہے کہ پانی چوروں کو پکڑ کر کراچی کی پریشانی دور کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے جن علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے وہاں سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں، پورے پاکستان کو چھوڑ کر عوام روزگار کے لئے کراچی کا رخ کرتے ہیں لیکن یہاں پانی بھی منہ مانگے داموں بکتا ہے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی کو منی پاکستان کہا جاتا ہے اور یہاں کے مسائل سے پورا پاکستان متاثر ہوتا ہے، کراچی جیسے شہر کو پانی سے محروم رکھ کر پیپلز پارٹی کس بات کا بدلہ لے رہی ہے، ٹینکر مافیا کے وارے نیارے ہیں اور وہ ہزاروں گیلن پانی فروخت کرکے عوام کا خون چوس رہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں