12ربیع الاوّل سیکیورٹی اقدامات میں بذاتِ خود مانیٹرنگ کرونگا،آئی جی سندھ

منتخب کردہ بلند عمارتوں پر روف ٹاپ ڈپلائمنٹ اور اسنائپرز کی تعیناتی کے لیئے بھی ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں،ڈاکٹرکلیم امام کی ہدایت

جمعرات 15 نومبر 2018 18:16

12ربیع الاوّل سیکیورٹی اقدامات میں بذاتِ خود مانیٹرنگ کرونگا،آئی جی سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) صوبے بھر میں جشن عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات رینجرزسندھ اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں سے مربوط رابطوں کے تحت باہمی اشتراک اور ایک علیحدہ سے تیار کردہ پلان کے مطابق یقینی بنایا جائے ۔یہ ہدایات آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام نے سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

اجلاس میں سندھ بھر کے تمام ایڈیشنل آئی جیز،رینج/زونل ڈی آئی جیز، ہیڈ کوارٹر،ٹریفک کے ڈی آئی جیز وایس یس پیزکے علاوہ کچھ سینئر پولیس افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے بھی شرکت کی۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ 12ربیع الاول کے مرکزی جلوس اور دیگر تمام چھوٹے بڑے جلوسوں کی گذرگاہوں/اجتماع گاہوں پر انتہائی فول پروف سیکیورٹی اقدامات کے پیش نظر صوبائی سطح پر تمام مکتبہ فکر کے علماء ودیگرمذہبی قائدین کے ساتھ شیڈول اجلاس ترتیب دیئے جائیں تاکہ ممکنہ فلیش پوائنٹس پر انکی تجاویز اور مشاورت سے تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روٹس اور اجتماع گاہوں پر ڈبل سیلنگ سیکیورٹی لائحہ عمل اختیار کیا جائے جبکہ منتخب کردہ بلند عمارتوں پر روف ٹاپ ڈپلائمنٹ اور اسنائپرز کی تعیناتی کے لیئے بھی ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ممکنہ حساس علاقوں میں پولیس کمانڈوز کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں جبکہ اینٹی رائٹس/ریزرو پلاٹونز کو بھی الرٹ اور چوکنا رکھا جائے ۔

سی پی او میں قائم مرکزی کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹر سے بعد از مانیٹرنگ دی جانیوالی ممکنہ ہدایات پر فوری عمل درآمد کو ہرسطح پر نا صرف یقینی بنایا جائے بلکہ اس حوالے سے پولیس ڈپلائمنٹ کو باالخصوص بریفنگ بھی دی جائے ۔انہوں نے مذید کہا کہ جملہ سیکیورٹی اقدامات کی میں بذات خود نگرانی کرونگا جبکہ اس حوالے سے تمام افسران لمحہ بہ لمحہ رپورٹس بھی واٹس ایپ پر لازماً شیئر کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی منافرت پر مشتمل مواد کی تقسیم،دل آزار وال چاکنگ یا اشتعال انگیز تقاریر کے حوالے سے جملہ انسدادی اقدامات کو مذید سخت اور مؤثر بنایا جائے اور ایسے فعل میں ملوث عناصر سے کسی بھی قسم کی رعایت نہ برتی جائے ۔یڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن وشیئرنگ کے عمل کو ناصرف مذید مؤثر بنایا جائے بلکہ اس متعلقہ پولیس کو اطلاعات کو بروقت فالو کرنے اور ٹھوس ایکشن کا بھی پابند بنایا جائے ۔

صوبہ سندھ کے بارڈر ایریاز اور سندھ میں داخل ہونیوالے پیدل راستوں پر چیکنگ اور نگرانی کے عمل کو مذید سخت کیا جائے علاوہ اذیں تمام اضلاع کے داخلی وخارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ، پیٹرولنگ کے ساتھ ساتھ مشتبہ اشخاص ومشکوک سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھنے ،مؤثر اور بروقت انسدادی اقدامات اٹھانیکے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات اہم عمارتوں دفاتر وغیرہ پر سیکیورٹی اقدامات کو بھی ہر سطح پر یقینی بنایا جائے ۔ترجمان سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ عوام اپنے آس پاس یا اطراف کے علاقوں میں مشکوک سرگرمی لاوارث گاڑی، بیگ، پارسل، تھیلا، بریف کیس یا دیگر اشیاء دکھائی دینے پر فوری اطلاع مددگار15،قریبی تھانہ ڈیوٹی پر موجود ہولیس افسر جوان یا ڈی آئی جیز ایس ایس پیز کے دفاتر کو دیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں