محکمہ انسداد دہشت گردی نے قائدآباد میں دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا

دھماکہ دیسی ساختہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ پولیس

اتوار 18 نومبر 2018 00:20

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے قائدآباد کے علاقے میں گذشتہ رات ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق کیس نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں دہشت گردی، قتل، ارادہ قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز قائدآباد پر بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹائم ڈیوائس دھماکہ خیز مواد نصب کئے گئے تھے جس میں سے ایک ڈیوائس کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کا ناکارہ بنا دیا تھا۔ بم دھماکے کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی شناخت 16 سالہ پپو ولد مشتاق اور علی حسن کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں رشید، مشتاق، حق نواز، صادق، ارسلان اور قمر عباس شامل ہیں۔ زخمیوں کو جناح ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ دیسی ساختہ ٹائم ڈیوائس بم کے ذریعے کیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں