پاکستان میں بغیر رشوت کے کاروبار کرنا مشکل ہے، گورنر سندھ

تاجر ٹیکس بچانے اور قوانین سے روگردانی کے لیے رشوت دیتے ہیں جب کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،کاٹی میں خطاب

منگل 20 نومبر 2018 17:21

پاکستان میں بغیر رشوت کے کاروبار کرنا مشکل ہے، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں بغیر رشوت کے کاروبار کرنا مشکل ہے، سرکاری افسران کے علاوہ تاجر بھی کرپشن میں ملوث ہیں۔عمران اسماعیل نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز(کاٹی)میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران برآمدات میں ایک فیصد بھی اضافہ نہیں ہوا ہے جب کہ درآمدات میں 60 فیصد تک کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کسی بھی اچھے آئیڈیے پر عمل کرتے ہیں اور اگر صنعتکار اپنے آئیڈیاز شیئر کریں گے تو اس پر بھی عمل کیا جائے گا۔گورنر سندھ نے کہا کہ تاجر ٹیکس بچانے اور قوانین سے روگردانی کے لیے رشوت دیتے ہیں جب کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ہمارے ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کے برے وقت میں بھی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے کمایا اور دنیا کے دیگر ممالک سے بہتر نتائج پاکستان سے حاصل کیے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے کراچی کے لیے پانچ منصوبے دیے گئے ہیں۔ جن میں گرین لائن، سرکلر ریلوے، نادرن بائی پاس اور واٹر ٹریٹمینٹ پلانٹ شامل ہیں جب کہ کراچی میں پانی کی قلت بھی ہے اور انتظامی صورتحال بھی بہتر نہیں ہے تاہم ہم سندھ حکومت کے معاملات میں نہیں پڑنا چاہتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہم جلد 100 دن کی رپورٹ پیش کرنے جا رہے ہیں جس میں ہم یہ واضح کریں گے کہ پاکستان کو کس طرف لے جا رہے ہیں۔ اس وقت ہمیں پاکستان کو مکمل سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں