میئر کراچی گولڈ کپ 2018 کا انعقاد کراچی میں ہاکی کے کھیل کی بحالی کی شروعات ہے،وسیم اختر

منگل 20 نومبر 2018 19:58

میئر کراچی گولڈ کپ 2018 کا انعقاد کراچی میں ہاکی کے کھیل کی بحالی کی شروعات ہے،وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ میئر کراچی گولڈ کپ 2018(انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ) کا انعقاد کراچی میں ہاکی کے کھیل کی بحالی کی شروعات ہے،کراچی ہاکی ایسوسی ایشن نے اس کپ کو منعقد کر کے اچھا اقدام کیا اس سے مقامی سطح پر قومی کھیل ہاکی کو فروغ دینے میں بہت مدد ملے گی ہم اس طرح کے ایونٹس بہترین انداز میں منعقد کرکے ہاکی کی دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی شام ڈاکٹر جنید علی شاہ ہاکی کمپلیکس گلشن اقبال میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام میئر کراچی گولڈ کپ 2018 انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر جنید علی شاہ، ممبر قومی اسمبلی ڈپٹی اقبال محمد علی، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے چیئرمین معید انور ، بلدیہ عظمی کراچی کی قانونی کمیٹی کے چیئرمین عارف خان ایڈووکیٹ، پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن حنیف خان، سابق اسٹار کھلاڑی سمیع اللہ اور دیگر شخصیات اور ہاکی کے کھلاڑی بھی موجود تھے، شیڈول کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 20 سے 30 نومبر2018 تک کھیلاجائے گا جس میں شہر کی بہترین ٹیمیں حصہ لیں گی، میئرکراچی نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت ہاکی میں کراچی کے شہریوں کی دلچسپی کا مظہر ہے اور اس میں مزید اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریں گے اور اس میں کراچی کے نوجوانوں کی کوششیں شامل ہوں گی۔ مئیرکراچی نے کہا کہ قومی کھیل کی بحالی کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو مختلف محکموں میں ہاکی ٹیمیں تشکیل دینا چاہئیں۔ بلدیہ عظمی کراچی جلد اپنی ہاکی ٹیم کا اعلان کرے گی، جس پر کام شروع کر دیا ہے۔مئیر کراچی نے کہا کہ اس طرح کے مقابلوں سے ہم ہاکی کی بحالی کا آغاز کر رہے ہیں۔

یہ ٹورنامنٹ ہمارے سابق اولمپینز اور ہاکی لیجینڈز کی خواہش اور دلچسپی پر منعقد ہو رہاہے جو آج یہاں موجود ہیں۔ ہاکی میں ہمارے زوال سے ان کو سب سے زیادہ افسوس ہوتا ہوگا اسی لئے یہ ملک میں ہاکی کے کھیل کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پارکوں اور کھیل کے میدانوں سے تجاوزات کو ہٹایا جارہا ہے بلدیہ عظمی کراچی کھیلوں کے فروغ کے لئے مقامی سطح پر منعقد ہونے والے اسپورٹس ایونٹس کی سرپرستی کرتی رہے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں