بلدیہ عظمی کراچی انڈس موٹرز کے تعاون سے شہر میں پانچ لاکھ درخت لگائے گی،میئرکراچی

شہر سے ماحولیاتی آلودگی ختم کر نے کے لئے شہری اپنے گھروں کے سامنے اور گلی محلے میں درخت لگائیں اور ان کی پرورش کریں ، وسیم اختر

منگل 20 نومبر 2018 21:30

بلدیہ عظمی کراچی انڈس موٹرز کے تعاون سے شہر میں پانچ لاکھ درخت لگائے گی،میئرکراچی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ بلدیہ عظمی کراچی انڈس موٹرز کے تعاون سے شہر میں پانچ لاکھ درخت لگائے گی، شہر سے ماحولیاتی آلودگی ختم کر نے کے لئے شہری اپنے گھروں کے سامنے اور گلی محلے میں درخت لگائیں اور ان کی پرورش کریں صرف چند سال میں کراچی ہرا بھرا ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پورٹ قاسم میں انڈس موٹرز کی جانب سے ملین ٹری مہم کی افتتاحی تقریب اور سپر ہائی وے پر ڈی آئی جی ہائی وے پولیس کے آفس میں شجر کاری مہم کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں اس وقت بے شمار مسائل ہیں بڑھتی ہوئی آلودگی بھی ایک بڑا سماجی مسئلہ ہے جس کو اجتماعی کوشش سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

بلدیہ عظمی کراچی نے اپنے پارکوں اور گرین بیلٹ سمیت 108 سڑکوں کے کنارے اور درمیان میں درخت لگانے کی مہم شروع کی ہوئی ہے۔ کراچی کے موسم کی مناسبت سے نیم، گل مور اور دیگر پھل دار اور سایہ دار درخت لگائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پہلی مرتبہ سوہانجنا کا درخت کثیر تعداد میں لگایا جارہاہے جس کے پتے اور جڑیں بھی انسانی صحت کے لئے کارآمد ہیں۔ انڈس موٹرز کے چیف ایگزیکٹو علی اصغر جمالی نے کہا کہ گاڑیاں بنانے والی کمپنی ملک کے سماجی مسائل حل کرنے پر بھی لاکھوں روپے سالانہ خرچ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم اور صحت کے شعبے میں کام کرتے ہیںجبکہ کمپنی اس سال ملک بھر میں دس لاکھ درخت لگائے گی جس میں سے پانچ لاکھ درخت کراچی میں لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں شجر کاری بلدیہ عظمی کراچی کے اشتراک سے کی جائے گی۔ سپر ہائی وے پر ڈی آئی جی ہائی وے پولیس کے دفتر میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کرنے کے موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ بلدیہ عظمی کراچی شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہائی وے پولیس کو ٹیکنیکل مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کے تمام ادارے عوامی و فلاحی منصوبوں کو باہمی اشتراک اور تعاون سے مکمل کریں تاکہ ہم سب مل کر اجتماعی کوششوں کے ذریعے اپنے شہر کو خوب سے خوب تر بناسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے کہ ہائی وے پولیس ہائی وے پر شجر کاری کر رہی ہے۔

جس سے سپر ہائی وے کے اطراف علاقے کو سر سبز اور ماحولیاتی اعتبار سے بہتر بنانے میں مد د ملے گی، سپرہائی وے کراچی میں داخلے کا اہم راستہ ہے اور اسے سر سبز اور خوبصورت بناکر دنیا کی بہترین ہائی وے میں تبدیل کیا جاسکتا ہے جس کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں، اس موقع پر ڈی آئی جی ہائی وے محمد سلیم نے میئر کراچی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بلدیہ عظمی کراچی کا محکمہ پارک اینڈ ہارٹیکلچر فنی مدد فراہم کرے تاکہ بلدیہ عظمی کراچی کے اشتراک سے ہم بڑے پیمانے پر شجر کاری کر سیکیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں