امریکی صدر کے بیان پر حکومت نے احتجاج کیا ہے تاہم پریشانی کی بات یہ ہے کہ خان صاحب نے پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ بڑے لیڈر کی پہچان یو ٹرن لینا ہے کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ اس بات پر بھی یو ٹرن لے لیں، سعید غنی

منگل 20 نومبر 2018 22:07

امریکی صدر کے بیان پر حکومت نے احتجاج کیا ہے تاہم پریشانی کی بات یہ ہے کہ خان صاحب نے پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ بڑے لیڈر کی پہچان یو ٹرن لینا ہے کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ اس بات پر بھی یو ٹرن لے لیں، سعید غنی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے بیان پر حکومت نے احتجاج کیا ہے تاہم پریشانی کی بات یہ ہے کہ خان صاحب نے پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ بڑے لیڈر کی پہچان یو ٹرن لینا ہے کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ اس بات پر بھی یو ٹرن لے لیں۔انہوں نے یہ بات منگل کو سندھ اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ان کے ہمراہ سید اویس قادر شاہ، ساجد جوکھیو اور راجہ عبدالرزاق بھی موجود تھے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ سرکلر ریلوے سے تجاوزات کے خاتمہ کا کام ہم نے ماضی میں شروع کیا تھا اور ضمن میںمتاثرین کی ری سیٹلمنٹ کی تیاری کی تھی ،ریلوے نے خود لکھ کر کہا کہ جو زمین سندھ حکومت خالی کروائے گی اسے فی الحال محفوظ رکھنے کی ریلوے کے پاس استعداد نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کام ریلوے نے خود رکوایا تھا،سر کلر ریلوے کو چلانے کے لئے صرف تجاوزات مسئلہ نہیں ہے ،اسے چلانے کے لئے فنانس بھی ایک بڑا مسئلہ ہے ۔

اس معاملے میںچین سندھ حکومت اور وفاق فریق ہیں۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات ختم کر بھی دیں تو سرکلر ریلوے فوری بحال نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ایمپریس مارکیٹ آرام باغ اور لائٹ ہائو س کے متاثرین کی آبادکاری اور نقصان کے ازالے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پرکراچی میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے ،لوگوں نے نالوں اور مارکیٹوں پر قبضے کر رکھے تھے ۔

منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے التواء سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاشبہ اجلاس حکومت نے بلایا تھا،میں اپنے چیمبر میں بیٹھا تھا،ہمارے محکمے سے متعلق ایجنڈے پر کئی چیزیں تھی لیکن اسپیکر صاحب نے اجلاس اچانک ملتوی کردیا،اسپیکر صاحب وارننگ دے دیتے تو زیادہ بہتر ہوتا،بہر حال اسپیکر کا استحقاق ہے جو انہوں نے استعمال کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے نتائج کو تسلیم کیا گیا ہے تو یہ زیادتی ہے ،پچھلی حکومت نے بدنیتی کی بنیاد پر ایسا کیا تھا ۔سندھ حکومت کے موقف سے متعلق انہوں نے کہا کہ ابھی حتمی بات نہیںکہہ سکتے کیونکہ ہماری وزیراعلی سندھ سے تاحال ملاقات نہیں ہوئی ہے اور فیصلے کے حوالے سے علم نہیں ہے۔ کراچی میں منعقدہ دفاعی نمائش سے متعلق انہوں نے کہا کہ اسے بھر پورسیکورٹی اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں