فیض صاحب اپنی ذات میں ایک فرد نہیں، پوری تحریک تھے، بلاول بھٹو زرداری

منگل 20 نومبر 2018 22:26

فیض صاحب اپنی ذات میں ایک فرد نہیں، پوری تحریک تھے، بلاول بھٹو زرداری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فیض احمد فیض کو ترقی پسند شاعری کا امام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیض صاحب اپنی ذات میں ایک فرد نہیں، پوری تحریک تھے۔ فیض احمد فیض کی 34 ویں برسی کے موقعے پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ فیض صاحب نے ہمیشہ عوام کو انسانی قوتوں کا سرچشمہ قرار دیا اور وہ فکر و اظہار کی آزادی کے داعی اور مظلوم و پسماندہ طبقات کے وکیل تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی شاعری ہر دور کے جبر واستحصال کے خلاف توانا للکار ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں عدم مساوات اور انتہاپسندی جیسی بیماریوں کے خاتمے کے لیئے فکرِ فیض کو عام کرنا ہوگا۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو فیض احمد فیض سے تعلق استوار رکھنے کی زیادہ ضرورت ہے، کیونکہ ان کی شاعری حکومتی و معاشرتی سطح پر حقیقی اور جعلی تبدیلی میں فرق کی سمجھ دیتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ نوجوان اور محنت کش، فیض صاحب کی شاعری کو اپنی جدوجہد کا نصاب بناکر سرگرم عمل رہیں کیونکہ ابھی گرانی شب میں کمی نہیں آئی، وہ منزل ابھی نہیں آئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں