سندھ ہائیکورٹ نے جام خان شورو کی ضمانت میں5دسمبر تک توسیع کردی

عدالت کا نیب کے تفتیشی افسر کو دستاویزات کی نقول جام خان شورو کو فراہم کرنے کا حکم

جمعرات 22 نومبر 2018 16:00

سندھ ہائیکورٹ نے جام خان شورو کی ضمانت میں5دسمبر تک توسیع کردی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2018ء) سندھ ہائیکورٹ نے جام خان شورو کی ضمانت میں5دسمبر تک توسیع کردی ہے،عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو دستاویزات کی نقول جام خان شورو کو فراہم کرنے کا حکم دے دیاہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں جمعرات کوسابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کے خلاف نیب انکوائریوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،سماعت کے دوران وکیل صفائی خالد جاوید خان نے عدالت کو بتایا کہ گذشتہ سماعت پر نیب نے جواب داخل کیا ہے۔

جس میں کہا گیا ہے کہ جام خان شورو کے کے ڈی اے اجلاس کے منٹس پر دستخط موجود ہیں۔ وکیل نے کہا کہ جن پلاٹوں کی آکشن کا الزام لگایا گیا ہے وہ ہائی کورٹ کے احکامات پر نیلام ہوئے تھے۔عدالت نے تحقیقاتی افسر سے استفسار کیا کہ آپ کے پاس جام خان شورو کے خلاف دستاویزات کی کاپی ہے۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ نیب کے پاس تمام دستاویزات موجود ہیں۔

جس پر عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو دستاویزات کی نقول جام خان شورو کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔عدالت میں پیشی کے بعد جام خان شورو نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نیب نے نوٹس دوران الیکشن دیا تھا اور جس دن اسکروٹنی تھی اسی دن نیب نے طلب کیا تھا۔پاکستان پیپلز پارٹی پر ایسی انکوائریاں روز کی بنیادوں پر بنائی جا رہی ہیں۔ جس میٹنگ کا نیب نے حوالہ دیا ہے ایسی میٹنگ میں چیئرمین کے ڈے اے کی حیثیت سے روز شرکت کرتا تھا۔جام خان شورو نے عدلیہ پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عدالت سے انصاف کی امید ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں