پاک بحریہ میں ہنگور ڈے کا انعقاد

یہ دن71 کی جنگ میں بحریہ کی آبدوز ہنگورکی بہادری وغیر متزلزل عزم کی یاد میں منایا جاتا ہے

اتوار 9 دسمبر 2018 17:30

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) پاک بحریہ میں9 دسمبر بطور ہنگور ڈے منایا جاتا ہے۔ یہ دن 1971 ئ کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کی آبدوز ہنگورکی بے مثال بہادری اور غیر متزلزل عزم کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے بھارتی بحریہ کے جہاز آئی این ایس ککری کو 9 دسمبر کے دن سمندر برد کر دیا تھا جس کی یاد میں 47 واں ہنگور ڈے منانے کے لیے پاک بحریہ کے سب میرین سکواڈرن نے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔

بھارتی جہاز کو ڈبونے کا یہ شاندار کارنامہ بھارت کے مغربی ساحل پر ڈیو ہیڈکے جنوب مشرق میں30 میل دور وقوع پذیر ہوا تھا۔ یہ واقعہ بحری جنگی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے کیونکہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب کسی آبدوز نے ایک بحری جنگی جہاز کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنا کر سمندر برد کر دیا۔

(جاری ہے)

پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کے عملے کی اس بہادری کو سراہتے ہوئی4 ستارہ جرأت،6 تمغہ جرأت اور 14 امتیازی اسناد سے نوازا گیا، یہ تعداد کے لحاذ سے پاک بحریہ کے کسی ایک یونٹ کو دیے جانے والے بہادری کے سب سے زیادہ تمغے ہیں۔

ہنگور ڈے کی تقریب پاکستان میری ٹائم میوزیم میں ، پاکستان نیوی سب میرین ہنگور کے عقب میں منعقد کی گئی۔ وائس ایڈمرل( ر) عبید اللہ خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مہمان خصوصی کی آمد پر ان کا استقبال کیا۔ اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے زور دیا کہ71 ء کی جنگ میں آبدورز ہنگور پاک بحریہ کا فخر رہی، اس کا بہادر عمل نہ صرف ایک شاندرا جنگی حربہ تھا جس نے بھارتی نیوی کے فریگیٹ جہاز کو سمندر برد کر دیا بلکہ یہ پاک بحریہ کی اسٹریٹجک حکمت عملی کا ایک ایسا آغاز تھا جس نے 71ء کی جنگ میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر مسلط کی گئی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر اسے محدود کر دیا۔

انھوں نے کہا کہ آئی این ایس ککری کے ڈوبنے کے ساتھ ہی بھارتی بحریہ کے حوصلے پست ہو گئے اور ان کے کراچی پر حملہ آور ہونے کے مذموم ارادے خاک میں مل گئے۔ آئی این ایس ککری کے ڈوبنے سے بھارتی بحریہ کو جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا جس میں ان کے 18 افسر اور 176 سیلر ہلاک ہوئے۔ وائس ایڈمرل (ر) عبیداللہ نے پاک بحریہ کی آبدوز غازی کے جرأتمندانہ اقدام کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جو وشاکاپٹنہ کے ساحل سے دور پیش آیا تھا۔

پاک بحریہ کی آبدوز غازی کے خوف سے بھارتی بحریہ کے ایئر کرافٹ کیریر آئی این ایس وکرانت کو مزید مشرق کی جانب اینڈمن جزیروں کی طرف فرار ہونا پڑگیا تھا جس کے باعث وہ دوران جنگ مکمل طور پر غیر موئثر ہو گیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو پاک بحریہ کی سابقہ آبدوز ہنگور کا دورہ کروایا گیا جو اس وقت میری ٹائم میوزیم کراچی میں نصب ہے تاکہ ان سنہری یادوں کو تازہ کیا جا سکے۔ تقریب میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کے غازیوں سمیت بڑی تعداد میں سینئرحاضر سروس اور ریٹائرڈ نیول افسران نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں