وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے،پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان مہدی کی سربراہی میں عہدیداران پرمشتمل وفد کی ملاقات

تحریک انصاف کی حکومت ملک میں تجارت اورسرمایہ کاری کو فروغ اورتحفظ دیناچاہتی ہے، بیرون ممالک کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں ، تجارت، سرمایہ کاری اوربرآمدات کے فروغ کیلئے تاجروں اورسرمایہ کاروں کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے وزیراعظم عمران خان کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اتوار 9 دسمبر 2018 18:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں تجارت اورسرمایہ کاری کو فروغ اورتحفظ دیناچاہتی ہے، تجارت، سرمایہ کاری اوربرآمدات کے فروغ کیلئے تاجروں اورسرمایہ کاروں کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔ وزیراعظم نے ان خیالات کااظہاراتوار کو یہاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان مہدی کی سربراہی میں سٹاک ایکسچینج کے عہدیداران اور اسٹاک برو کرز پرمشتمل وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر خزانہ اسد عمر ، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار ، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، وزیر بحری امور علی زیدی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر مملکت حماد اظہر، مشیر وزیر اعظم ڈاکٹر عشرت حسین، وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ ان کی حکومت ایک مختلف سوچ لے کر آئی ہے،ہم بزنس اور سرمایہ کاری کو فروغ، تحفظ اور مارکیٹ میں استحکام لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے وفد کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے پاس اس لئے آیا ہوں کے آپ ہمیں تجاویز دیں۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ممالک کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں ، سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہارکررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے استعدادکارموجود ہے ۔ اس موقع پر وفد کے اراکین نے وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ملک میں مالی استحکام اور آچھی کارکردگی پر حکومت کی مالیاتی ٹیم کی تعریف کی۔

وفد نے وزیر اعظم کو سٹاک بروکرز اور اسٹاک مارکیٹ کے حوالے سے دیگر امور پر آگاہ کیا اور مالیاتی استحکام کے لے تجاویز پیش کیں ، وزیراعظم نے بیشتر بیشتر تجاویز منظور کیں۔ وفد نے حکومت کی مالیاتی پالیسی پر حکومت کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی ۔ ملاقات میں ٹیکس بیس کو بڑھانے، اسٹاک مارکیٹس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال اور غیر قانونی ادائیگیوں کی روک تھام پر اتفاق کیا گیا۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تو گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پارٹی رہنمائوں نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم سے گورنر ہائوس میں گورنر سندھ نے ملاقات کی اور ان سے صوبے کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں