تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں غریب عوام سے ظلم وزیادتی کے مدنظر ہم نے معزز عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا، وزیراعظم عمران خان

اتوار 9 دسمبر 2018 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں غریب عوام سے ظلم وزیادتی کے مدنظر ہم نے معزز عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاجروں کی پریشانیوں کو کم کرنے کے لئے ایف بی آر میں ریفارمز متعارف کردیئے ہیں۔ کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات عمل میں لارہی ہے۔

اتوار کو کراچی چیمبر آف کامرس میں برسر اقتدار گروپ کے سربراہ سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں کراچی چیمبر کے وفد نے گورنر ہائوس میں وزیراعظم اور وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ کراچی چیمبر کے وفد میں طاہر خالق، ہارون فاروقی، انجم نثار، جنید ماکڈا، آصف شیخ جاوید، یونس بشیر، شمیم فرپو ، ہارون اگر اور مجید میمن شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد میں وزیراعظم کو کراچی میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن، گیس اور جی آئی ڈی سی، ٹریڈ آرگنائزیشن آرڈیننس، ایمنسٹی اسکیم حاصل کرنے والوں کو ہراساں اور دیگر مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کراچی چیمبر کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ایمنسٹی اسکیم حاصل کرنے والوں کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات عمل میں لارہی ہے۔ وزیراعظم نے جے آئی ڈی سی اور گیس کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اسد عمر کو اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے کراچی میں پانی کے بحران کو حل کرنے کے لئے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کو بھی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی والوں اور صنعتوں کو پانی کی فراہمی بلاتعطل جاری رکھنے کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر سراج قاسم تیلی نے کہا کہ ٹریڈ آرگنائزیشن آرڈی ننس 2007ء کو بحال کیا جائے تاکہ حقیقی تاجر حکومت کی بہتر رہنمائی کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 198 کے تحت سندھ میں پیدا ہونے والی گیس پر سندھ والوں کا حق ہے۔ سندھ کی ضرورت پوری کرنے کے بعد اضافی گیس دیگر صوبوں کو دی جائے۔ سراج قاسم تیلی نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کو صوبہ سندھ میں آر ایل این جی مسلط کرنے سے روکا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں