چیف جسٹس کا جنوری میں پولیس اصلاحات سامنے لانے کا اعلان

کراچی میں سپریم کورٹ رجسٹری کی عمارت کا سنگ بنیاد، نئی عمارت کوتاریخی قدیم پتھروں سے بنایا جائے گا، پاکستان سیکرٹریٹ میں مختص7 ایکڑاراضی پر3سال میں عمارت تعمیر کی جائے گی۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار کا تقریب سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 11 دسمبر 2018 17:16

چیف جسٹس کا جنوری میں پولیس اصلاحات سامنے لانے کا اعلان
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 دسمبر 2018ء) چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس میاں ثاقب نثارنے جنوری کے پہلے ہفتے میں پولیس اصلاحات سامنے لانے کا اعلان کردیا ہے۔ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا ہے، عمارت کوتاریخی قدیم پتھروں سے بنایا جائے گا، پاکستان سیکرٹریٹ میں نئی عمارت کیلئے مختص7 ایکڑاراضی پر3 سال میں عمارت تعمیر کی جائے گی۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس میاں ثاقب نثار آج کراچی میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں میں سپریم کورٹ رجسٹریاں بنانے کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔ کراچی میں سپریم کورٹ رجسٹری کی نئی عمارت کی اشد ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے عمارتوں سے نہیں بنتے۔

(جاری ہے)

عمارت میں بیٹھنے والے لوگ زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔

ہم انصاف کرنے والے اداروں کو مضبوط کرتے ہیں۔ میرے بعد آنے والے بھی انصاف کے تقاضے پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں کبھی مایوس نہیں ہوا۔اس ملک کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتیں عطا کیں۔ خامیوں پرقابو پا کرملک کی تقدیربدل سکتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے خاندان کی طرح اس ملک کیلئے بھی قربانی دیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں بلاوجہ مقدمہ بازی کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔

جنوری کے پہلے ہفتے میں پولیس اصلاحات سامنے لائیں گے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ آئندہ 30 سالوں تک پاکستان کی آبادی 45 کروڑ ہونے کا امکان ہے۔ آبادی کنٹرول کرنے کیلئے پرعزم تحریک شروع کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2025ء میں پانی کے بحران کا شکارہوسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے بھی کہا کہ 2025ء تک آبی بحران کا شکار ہوسکتے ہیں۔ ڈیمز بنانے اورپانی کے استعمال میں احتیاط کی ضرورت ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ نہیں معلوم کراچی میں پانی کی قلت کیوں ہوئی۔ کراچی میں پانی بحران کی وجہ مافیا ہے۔ کیا قبضہ مافیا کے سامنے سرجھکائیں؟ بہترمینجمنٹ کے ساتھ پانی کی قلت کو دورکیا جا سکتا ہے۔ ہمیں دیکھنا ہے کہ کیا کمی ہے اوراسے کیسے پورا کیا جا سکتا ہے۔ کوئٹہ میں پانی کی سطح بہت نیچے جا چکی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں