چیف جسٹس نے سندھ کی اُم رباب کی فریاد سُن لی

تہرے قتل میں چیف جسٹس نے آئی جی سندھ کو طلب کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا حکم دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 دسمبر 2018 12:45

چیف جسٹس نے سندھ کی اُم رباب کی فریاد سُن لی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 دسمبر 2018ء) : انصاف کی متلاشی اُم رباب کی فریاد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق تہرے قتل کیس میں انصاف کی متلاشی اُم رباب کی فریاد پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے آئی جی سندھ کو طلب کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کر دیا۔ اُم رباب کا کہنا ہے کہ والد ، چچا اور دادا کو دن دیہاڑے قتل کیا گیا۔

ارباب اختیار تک رسائی کی لیکن کسی نے ایک نہ سُنی ۔ مجبور ہو کر چیف جسٹس کے پاس آنا پڑا۔ موجودہ رکن سندھ اسمبلی چانڈیوبرادری اس تہرے قتل میں ملوث ہے۔ اُم رباب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایم پی ایز سردار چانڈیو اور برہان چانڈیو اس قتل میں ملوث ہیں اور ان کے علاوہ دو اور لوگ بھی اس کیس میں ملوث ہیں جو مفرور ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ کلیم امام نے چیف جسٹس کے سامنے پیش ہو کر قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کروا دی۔

یاد رہے کہ 17 جنوری 2018ء کو ضلع دادو کے تعلقہ میہڑ میں تین افراد کے قتل کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سردار خان چانڈیدو اور ان کے بھائی برہان چانڈیو سمیت سات افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔ مقتولین کے لواحقین نے الزام عائد کیا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی سردار خان چانڈیو کے کہنے پر برہان چانڈیو نے پولیس پروٹوکول کی موجودگی میں مختار چانڈیو، کابل چانڈیو اور کرم اللہ چانڈیو کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

مقتول کی بیٹی اُم رباب نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے اپیل کی تھی کہ اس کے والد کے قاتلوں کی گرفتاری یقینی بنوائیں اور اسے اہل خانہ کے ہمراہ تحفظ دلوائیں۔ جس کے بعد آج اُم رباب کی سُنی گئی اور چیف جسٹس نے اس کیس میں آئی جی سندھ کو طلب کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں