ہنڈائی نشاط نے پاکستان کے آٹو سیکٹر میں ڈیجیٹل تبدیلی کا آغاز کر دیا

پاکستان کا آٹوموٹو شعبہ ترقی کر رہا ہے، ہنڈائی نشاط کا مقصد اس کی بڑھنے کی صلاحیت کو جدید تکنیکی نکتہ نظر کے ساتھ جوڑنا ہے‘ چیف فنانشل آفیسر نوریز عبدالله

جمعرات 13 دسمبر 2018 14:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) پاکستان کی ابھرتے ہوئے آٹو موٹو مینوفیکچررز اور ڈسٹری بیوٹرز میں سے ایک ہنڈائی نشاط موٹر (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے ایس اے پی کے عالمی ٹیکنالوجی پلیٹ فارم کے ذریعے ڈیجیٹل پر جانے کا اعلان کیا ہے۔ ہنڈائی نشاط کا مقصد آٹو سیکٹر کی بڑھتی ہوئی کنزیومر مارکیٹ میں دیسی عمل کو فروغ دینا ہے جس سے معیشت کے کثیر الجہتی اہداف کے حصول بشمول متبادل درآمد، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس کے علاوہ ہنڈائی کی پسینجر اور لائٹ کمرشل کیٹیگری دونوں میں بالکل نئی گاڑیوں کو متعارف کرانے سے صارف کے تجربات کو فروغ حاصل ہوگا۔ پاکستان کا آٹو موٹو سیکٹر صارفین کی بدلتی ہوئی ترجیحات کے تناظر میں بڑی تبدیلیوں کے عمل سے گذر رہا ہے اور ہنڈائی نشاط ان نئے رجحانات کے مطابق اہم کردار ادا کرنے کی جانب دیکھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے حصول کے لئے ہنڈائی نشاط ایس اے پی S/4HANA رئیل ٹائم بزنس سوٹ کے تذویراتی ذرائع کے ساتھ اپنے ڈیجیٹل روڈ میپ پر عمل پیرا ہونے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ہنڈائی نشاط پاکستان کے معروف صنعتی ادارے نشاط گروپ، جاپان کی تجارتی کمپنی سوجتز کارپوریشن اور ملک کی سب سے بڑی ٹریکٹر ساز کمپنی ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ کے درمیان ایک تذویراتی مشترکہ منصوبہ ہے۔ ہنڈائی نشاط کے چیف فنانشل آفیسر نوریز عبدالله نے کہا کہ پاکستان کا آٹوموٹو شعبہ ترقی کر رہا ہے، ہنڈائی نشاط کا مقصد اس کی بڑھنے کی صلاحیت کو جدید تکنیکی نکتہ نظر کے ساتھ جوڑنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس اے پی ڈیجیٹل کور پر چلتے ہوئے ہم بہتر طریقے سے اپنی لاگت کے عناصر، کام چلانے کے لئے سرمایہ، انسانی وسائل اور نتائج کو سامنے لانے جیسے اقدامات کو بہتر طریقے سے منظم کر سکتے ہیں جبکہ اس سے ہمیں کم سے کم ناکامی کے خطرہ کے ساتھ اپنے اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔ ایس اے پی کی حالیہ رپورٹ کے مطابق آٹو موٹو شعبہ میں ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے مضبوط صلاحیت سامنے آ رہی ہے، آٹوموٹو انجینئرنگ میں 80 فیصد اختراعات مائیکرو الیکٹرانکس اور سافٹ ویئر کے ذریعے چل رہی ہیں۔

ایس اے پی پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر ثاقب احمد نے کہا کہ پاکستان کے تیز رفتار آٹو موٹو سیکٹر میں ہنڈائی نشاط ایک انٹیلی جنٹ انٹرپرائز بننے کیلئے اپنے آپ کو ڈیجیٹل روڈ میپ پر ڈھالتے ہوئے بہترین طریقے اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد کمپنی کو مینوفیکچرنگ، مصنوعات کی ترسیل، انسانی ترقی اور رپورٹنگ کے انتظام میں زیادہ سرگرم بنانا ہے لہذا وہ مستقبل کی توسیع کے لئے اپنے آپ کو ایس اے پی کی قوت کے مطابق پوزیشن میں لے سکیں۔ آئندہ مہینوں میں ہنڈائی نشاط کا مقصد ایس اے پی کے ساتھ بگ ڈیٹا، اینالائٹکس، کلائوڈ اور انٹرنیٹ آف تھنگز جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے انضمام کو تلاش کرنا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں