آئی جی سندھ کی زیر صدارت صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس

ڈی ایس پیز/ایس ایچ اوز کی مدت تعیناتی ایک سال رکھی جائے ،سندھ بھر میں پولیس ریکروٹمنٹ کا جلدآغاز کیا جائے ،ڈاکٹرسیدکلیم امام

ہفتہ 15 دسمبر 2018 16:36

آئی جی سندھ کی زیر صدارت صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پرسینٹرل پولیس آفس کراچی میں اعلیٰ سطح کی ویڈیو کانفرنسنگ اجلاس ہوا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ جرائم کیخلاف جاری جنگ میں کامیابی اور کارکردگی کے لیئے ضروری ہے کہ کمانڈ اور لیڈر شپ کو انتہائی مؤثر انداز سے عین پیشہ وارانہ مہارت تجربے اور صلاحیت کے مطابق یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ آپریشنل اور انویسٹی گیشن سے متعلق جملہ اقدامات اور لائحہ عمل کو نا صرف مذید بہتر کیا جائے بلکہ اس ضمن میں نظریہ کمیونٹی پولیسنگ جیسے اقدامات پر اسکی روح کے مطابق عمل داری کو بھی ممکن بنایا جائے کیونکہ باالآخر عوام دوست ماحول اور عوام کا پولیس پر مضبوط اعتماد ہی سے آپ لوگوں کی کارکردگی اور اقدامات کو مذید تقویت ملیگی۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس کے جملہ مالیاتی امور کو درست سمت پرلانے اور مذید شفاف بنانیکے حوالے سے تمام تر اقدامات کو غیرمعمولی بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ صوبے بھر میں ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کی تعیناتیوں کی مدت کم از کم ایک سال مقرر کی جائے تاہم بدعنوانی یا اختیارات سے تجاوز کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں دستیاب اور درکار افرادی قوت کا تفصیلی جائزہ لیکر جملہ قواعد اور ضوابط کو سامنے رکھتے ہوئے پولیس ریکروٹمنٹس کا جلد سے جلد آغاز کیا جائے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ رواں سال آنیوالے اہم ایونٹس میں قائداعظم ڈے /کرسمس ڈے ،یوم شہادت محترمہ بینظیر بھٹو اور سال نو کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کو مذید غیر معمولی بنانے کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ کنٹی جینسی/ڈپلائمنٹ پلان ترتیب دیکر جلد از جلد برائے ملاحظہ ارسال کیئے جائیں۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،ڈی آئی جیز،ایس ایس پیز،اے آئی جیز نے بذاتِ خود اور براہ ِراست ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں