ٹنڈومحمد خان ،ْشہید محترمہ بینظیر بھٹو کارڈک سینٹر' میں پہلی اوپن ہارٹ سرجری

آئندہ سال بچوں کے لیے پیڈیاٹرک سرجری کا باقاعدہ آغاز کردیا جا ئے گا

اتوار 16 دسمبر 2018 14:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) سندھ کے علاقے ٹنڈو محمد خان میں قائم قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے چوتھے سیٹلائٹ یونٹ 'شہید محترمہ بینظیر بھٹو کارڈک سینٹر ہسپتال میں باقاعدہ اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز کردیا گیا ،ْ یہاں بچوں کیلئے پیڈیاٹرک کارڈیالوجی وارڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جاچکا ہے۔

این آئی سی وی ڈی کے ٹنڈو محمد خان میں قائم چوتھے سیٹلائٹ یونٹ میں پہلی اوپن ہارٹ سرجری سے متعلق منعقدہ تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے میڈیا کو بتایا کہ ٹنڈو محمد خان میں قائم سیٹلائٹ ہسپتال میں اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز کردیا گیا ہے ،ْ آئندہ سال بچوں کے لیے پیڈیاٹرک سرجری کا باقاعدہ آغاز کردیا جا ئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ٹنڈو محمد خان کے سیٹلائٹ ہسپتال میں ٹھٹھہ، تھر ، بدین، ماتلی و دیگر ملحقہ علاقوں سے لوگ علاج کے لیے آرہے ہیں ،ْ اس سینٹر میں ان کا علاج جاری ہے۔پروفیسر ندیم قمر نے کہاکہ ٹنڈو محمد خان کے سیٹلائٹ ہسپتال میں بچوں کا علاج بھی کیا جارہا ہے کیونکہ مضافاتی علاقوں سے بچوں کی تعداد زیادہ آرہی ہے لہذا فیصلہ کیا گیا کہ یہاں پر پیڈیاٹرک وارڈ کا قیام فوری طور پر عمل میں لایا جائے، ان کا کہنا تھا کہ ٹنڈو محمد خان کے سیٹلائٹ ہسپتال میں پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری بھی بہت جلد شروع کردی جائیگی۔

اس موقع پر پیڈیاٹرک سرجن پروفیسر نجمہ پٹیل کا کہنا تھا کہ سندھ میں 60 ہزار سے زائد بچے پیدائشی جبکہ 30 ہزار سے زائد بچے پیدائش کے بعد دل کے امراض کا شکار ہو جاتے ہیں اور سالانہ 22 ہزار سے زائد دل کے امراض میں مبتلا نئے بچوں کا اندراج ہورہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ ٹنڈو محمد خان سیٹلائٹ ہسپتال میں دل کے عارضے میں مبتلا بچوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اس ہسپتال میں پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری کا آغاز کیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں