شہر کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، معیشت کے استحکام کیلئے انڈسٹریز کا قیام وقت کی ضرورت ہے ،ڈی جی کے ڈی اے

اتوار 16 دسمبر 2018 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ شہر کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، معیشت کے استحکام کے لئے انڈسٹریز کا قیام وقت کی ضرورت ہے اس سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ نوجوان نسل کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی و دیگر ادارے تعمیراتی صنعت سے تعاون یقینی بنائیں تاکہ ملکی تعمیری صنعت کو ترقی دیکر خوشحال پاکستان کے عملی تعبیر کو باہمی تعاون سے یقینی بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار ڈی جی کے ڈی اے نے (Think Tank Meet up) آرگنائزیشن کی منعقدہ تقریب ’’پاکستان میں انڈسٹری کے قیام کا مستقبل‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیئرمین آباد، -چیف ایگزیکٹو آفیسر اسٹارمارکیٹنگ کے علاوہ آباد کے ممبران و عہدیداران، ترجمان ادارہ ترقیات اکرم ستار اور سول سائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مستقل قریب میں صارفین گھر بیٹھے ایک کلک کے ذریعے لینڈ سے متعلق تمام تر معلومات حاصل کرسکتے ہیں، شعبہ آئی ٹی کے افسران و ملازمین صارفین کو آرام دہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ داروں کو ادارہ سے متعلق درپیش مسائل کا ازالہ کرتے ہوئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ادارہ صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے اپنے تمام وسائل کا استعمال بخوبی کرے گا۔ تاجر اور صنعت کار آگے آئیں، سرمایہ کاری کریں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں، نجی سرمایہ کاری اور نفع اندوزی سے عوام کو روزگار ملتا ہے۔

پاکستان ترقی پذیر ممالک کی صف میں شامل ہے خصوصاً کراچی کا شماردنیا کے ترقی یافتہ شہروں میں ہوتا ہے۔ ادارہ ترقیات نے شہریوں کی فلاح و بہبود پر سب سے زیادہ توجہ دی ہے، ماضی میں کمرشل اور رہائشی اسکیم سرجانی ٹائون، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور انگنت پروجیکٹس کی تکمیل سے کراچی کے شہریوں کو سستی و نئی رہائشی سہولیات فراہم کی گئیں۔ کامیاب رہائشی اسکیمیں شہر کراچی کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی میں اضافہ کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ تاجروں اور صنعت کاروں کا شہر پر اعتماد بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوئیں۔

آئندہ سال شہریوں کیلئے جدید طرز پر مشتمل رہائشی اسکیمیں متعارف کرائی جائیں گی۔ بعدازاں (Think Tank Meet up) آرگنائزیشن کی روح رواں ارم خان نے ڈائریکٹر جنرل سمیع الدین صدیقی کو قابل قدر خدمات کے عوض یادگاری شیلڈ پیش کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں