پاک چائنا تجارتی اور دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے، سن یو

چائنا کے سابقہ تجارتی سرگرمیوں میں مکمل تعاون کریں گے، وسیم اختر کا تقریب سے خطاب

پیر 17 دسمبر 2018 18:23

پاک چائنا تجارتی اور دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے، سن یو
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے۔ چائنا کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں مکمل تعاون کریں گے۔ شہر قائد میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چینی سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری سے فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیوننگ کے زیرِ اہتمام سی سی او آئی سی لیوننگ چیمبر اکنامک اینڈ ٹریڈ نمائندہ آفس پاکستان کی افتتاحی تقریب سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

پراونشل کونسل صدر آف لیوننگ چائنا سن یو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر کے قیام کا مقصد پاک چائنا تجارت کا فروغ ہے۔ پاکستان اور چین کے دوستانہ اور تجارتی تعلقات کو مزید تقویت دیں گے۔

(جاری ہے)

چائنا کمرشل قونصلر گائو چُن شوئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر پاک چائنا تعلقات اور سی پیک منصوبے کو متاثر کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

ایچ سی ایس کے چیئرمین سابق ایڈمرل سید عارف اللہ حسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سیینئر نائب صدر سید مظہر علی ناصر ایف پی سی سی آئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن چائنہ کے سرمایہ کاروں سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اس موقع پر ڈریگن ورلڈ کے چیئرمین بارنی ہوانگ، بینک آف چائنا پاکستان آپریشن کے ایگزیکٹو نائب صدر ین ژیائوھو اور پاکستان اور چائنا کی دیگر کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں