اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے بعد آصف زرداری نے نواز شریف سے ہاتھ ملانے کا عندیہ دے دیا

صحافی کے سوال پر سابق صدر آصف زرداری نے نواز شریف سے ملاقات کا اشارہ دے دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 17 دسمبر 2018 19:01

اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے بعد آصف زرداری نے نواز شریف سے ہاتھ  ملانے کا عندیہ دے  دیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-17 دسمبر 2018ء ) :سابق صدر آصف زرداری نے مزاحمت کی سیاست میں نواز شریف کی راہ پر چلنے کے بعد سابق وزیر اعظم سے ہاتھ ملانے کا بھی اشارہ دے دیا۔صحافی کے سوال میں انہوں نے اشاروں کنایوں میں نواز شریف سے ملاقات کا عندیہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق آصف زرداری بھی مفاہمت چھوڑ کر مزاحمت اور ٹکراو کی سیاست کی راہ پر چل نکلے ہیں۔

گزشتہ روزایک جانب انہوں نے ٹنڈو الہ یار میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اشتعال انگیز بیانات دئیے۔الیکشن شفاف ہوتے تو کپتان نہیں کوئی اور حکومت میں ہوتا۔جب بھی کوئی سیاسی پودا لگتاہے وہ کاٹ کر مصنوعی پودا کھڑا کردیتے ہیں۔اس موقع پر ایک صحافی نے سندھی زبان میں سوال کیا جس پر آصف زرداری نے اردو میں جواب دیا اور جواب دے کر کہا کہ اردو میں اس لئیے جواب دے رہا ہوں تاکہ اسلام آباد والے سن لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہردفعہ مذاق ہواہے ہر دفعہ عجب کہانیاں لکھی گئی ہیں۔ایوب نے اپنے دور میں بنیادی جمہوریت کا ڈرامہ کیا،بھٹو ایوب خان سے لڑے۔ہر مارشل لا ءکے ساتھ پیپلز پارٹی لڑی ہے ،ہم نے سب مارشل لاء کا مقابلہ کیا۔جب بھی عوام کاحق مجروح کیا گیا ہم نے آواز اٹھائی۔دوسرئ جانب انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں ہمیں گرفتاری سے خوف ہے، جیل تو ہمارا دوسرا گھر ہے۔

انہوں نے اپنی حکومت کا موازنہ موجودہ حکومت سے کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 100 دن میں بہت کام کیے۔ہم نے اپنے دور حکومت میں ہر مسئلے پر کام کیا،پکڑ دھکڑ چھوڑ دیں تو کوئی کام ہو۔انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دی۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اگر بینظیر انکم سپورٹ کی رقم کو چھیڑا گیا تو تھر کی غریب خواتین سے مار پڑے گی ،انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کارڈ کی رقم کم کی گئی تو ہم پنجاب کی بجلی بند کردیں گے اور اگر سندھ کی گیس کو کم کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم بہت کچھ بند کردیں گے۔

آصف زرداری کے حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ سابق صدر نے نواز شریف کے ساتھ پس پردہ ہاتھ ملانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ا نہوں نے نواز شریف سے ملاقات کا عندیہ بھی دیا ہے۔صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ کیا موجودہ حالات میں نواز شریف کے ساتھ بیٹھنا چاہیں گے تو آصف زرداری نے صحافی کو پوچھا کہ کیا کرنا چاہیے،جیسے آپ کہتے ہیں ویسے ہی کر لیتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں