آرٹس کونسل الیکشن، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے عمیر علی انجم کی حمایت کا اعلان کر دیا

منگل 18 دسمبر 2018 03:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے الیکشن برائے سال 2019-2020ء کے لئے معروف شاعر اور صحافی عمیر علی انجم کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آرٹس کونسل کراچی کے انتخابات بروز اتوار 23 دسمبر 2018ء کو ہوں گے۔ انتخابات کے لئے احمد شاہ اور فرینڈز آف آرٹس کونسل پینلز مدمقابل ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کی نامور شخصیات آرٹس کونسل کے الیکشن میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، اس ضمن میں معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے گورننگ باڈی کے لئے فرینڈز آف آرٹس کونسل پینل کے امیدوار عمیر علی انجم کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عمیر علی انجم جیسے نوجوانوں کا شہر کی ثقافتی سرگرمیوں میں بھرپور طریقے سے حصہ لینا خوش آئند ہے، اپنی شاعری سے ایک دنیا کو متاثر کرنے والے عمیر علی انجم کی کامیابی شہر کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو جلا بخشے گی۔ انہوں نے اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے آرٹس کونسل کے ارکان سے اپیل کی کہ وہ عمیر علی انجم کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں