مقامی عدالت میں لائوڈ اسپیکر ایکٹ ،اشتعال انگیز تقریر کے 2مقدمات کی سماعت،

فاروق ستارپیش ہوئے،سماعت 7جنوری تک ملتوی مئیر کراچی نے شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار بن کر کراچی میں توڑ پھوڑ کی ہے ملبہ وہی کا وہی پڑا ہے،تجاوزات کے نام پر لوگوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے، فاروق ستار

بدھ 19 دسمبر 2018 14:52

مقامی عدالت میں لائوڈ اسپیکر ایکٹ ،اشتعال انگیز تقریر کے 2مقدمات کی سماعت،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) کراچی کی مقامی عدالت نے لائوڈ اسپیکر ایکٹ اور اشتعال انگیز تقریر کیس کی سماعت7 جنوری تک ملتوی کردی۔بدھ کو کراچی سٹی کورٹ میں ایم کیو ایم رہنمائوں کے خلاف لائوڈ اسپیکر ایکٹ اور اشتعال انگیز تقریر کے 2مقدمات کی سماعت ہوئی،ایم کیوایم کے سابق کنوینرڈاکٹر فاروق ستار عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت ڈاکٹر فاروق ستار کے وکیل نے استدعاکی کہ ہمیں سندھ ہائیکورٹ عدالتی کارروائی کیلئے پہنچناہے اس لئے ہمیں اگلی تاریخ دے دی جائے۔بعدازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت 7 جنوری تک ملتوی کردی ۔واضح رہے سولجر بازار تنانے میں درج لائوڈ اسپیکر ایکٹ کے مقدمے میں فاروق ستار، مئیر کراچی وسیم اختر اور دیگر پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر کے خلاف مقدمہ نیو ٹائون اور سولجر بازار تھانہ میں درج ہے ۔

(جاری ہے)

پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ڈاکٹرفاروق ستار نے کہاکہ ملک میں بہت بے یقینی کی صورتحال ہے،سرمایہ کاری رکی ہوئی ہے اور غربت میں اضافہ ہو رہا ہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، مہنگائی ہو رہی ہے، حکومت سرمایہ کاری بڑھائے، سرمایہ کاروں کو ڈرایا، دھمکایا نہ جائے۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہریوں کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے جو ابھی تک اپنی جگہ پر موجود ہے ، خدا جانے کے فور کب بنے گا۔

فاروق ستار نے ایک بار پھر میئر کراچی وسیم اختر پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ مئیر کراچی نے شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار بن کر کراچی میں توڑ پھوڑ کی ہے ملبہ وہی کا وہی پڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ تجاوزات کے نام پر لوگوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔جو مارکیٹیں خالی کرائی گئیں وہ تجاوزات نہیں تھیں ،ہزاروں لوگ اس سے بے روزگار ہوئے۔انہوں نے کہاکہ کے ایم سی، سندھ حکومت اور وفاق کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، 99فیصد رشین اور امریکن کٹنگ ہے، نہر خیام کئی مرتبہ الاٹ ہوئی۔

فاروق ستار نے کہاکہ ہم اپنے لوگوں کو بے سہارا نہیں چھوڑیں گے، ان کے گھرہرگز کسی کو گرانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک صورتحال ہے، معیشت کو تباہ و برباد کردیا گیا ہے کراچی کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔فاروق ستار نے کہاکہ قبضہ مافیا اور سرکاری افسران کیخلاف ایکشن ہونا چاہئے، کلفٹن میں بڑے بڑے گدھوں کا قبضہ ہے جس کو ختم کرایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ گورننس نام کی کوئی چیز نہیں، کراچی کیلئے خصوصا کوئی منصوبہ نہیں ہے، کراچی کب تک ملکی معیشت کا بوجھ اٹھائے گا شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے، کے ایم سی ہوش کے ناخن لے۔انہوں نے کہا کہ سرکلر ریلوے کی بحالی کا منصوبہ کہاں تک پہنچا اس معاملے پر کوئی بریفنگ ہی نہیں ہوئی۔فاروق ستار نے میئر کراچی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور سرمایہ کاری کو تیز کریں۔انہوں نے میڈیا کے توسط سے میئر کراچی سے سوال کیا کہ کراچی میں ہونے والے تجاوزات کے خلاف آپریشن میں بیروزگار ہونے والوں کو دوبارہ کیسے بسایا جائے گا

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں