حکومت کے معاشی ، سیاسی اور سماجی اصلاحات کے اثرات ظاہر ہورہے ہیں ،گورنرسندھ

انصاف کی فراہمی کو حکومتی منشور میں نمایاںاہمیت حاصل ہے،بنیادی ضروریات فراہمی کرنا ہم سب کی اخلاقی وسماجی ذمہ داری ہے، عمران اسماعیل

بدھ 19 دسمبر 2018 14:52

حکومت کے معاشی ، سیاسی اور سماجی اصلاحات کے اثرات ظاہر ہورہے ہیں ،گورنرسندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت معاشی ، سیاسی اور سماجی اصلاحات کے ذریعہ انسانیت سے یکجہتی کے اپنے وژن پر گامزن ہے اس ضمن میں فلاح وبہبود کے لئے بھرپور اقدامات اور انصاف کی فراہمی کو حکومت کے منشور میں کلیدی اہمیت حاصل ہے کسی بھی حکومت کا بنیادی مقصد شفاف نظام کے ذریعہ مرد و خواتین کو مساوی حقوق اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہوتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانیت سے یکجہتی کے عالمی دن کے حوالے سے جاری ایک بیان میں کیا ۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ جمہوریت کا استحکام غربت کے خاتمہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور انصاف پر مبنی حکمرانی میں ہی ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ 20 دسمبر کو عالمی سطح پر منائے جانے والے اس دن کا تقاضہ ہے کہ ہم سب انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں،مشترکہ کاوشیںاور پرعزم ارادے سے ہی انسانیت سے اظہار یکجہتی کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے ، تابناک اور روشن مستقبل کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنے کو ترجیح دینا ہوگی جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ بھوک وافلاس ، غربت ، موذی امراض کا خاتمہ اور دیگر انسانی ضروریات کو پورا کرنا ہم سب کی اخلاقی، سماجی اور معاشرتی ذمہ داری بھی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے موجودہ حکومت کے اقدامات اہم ثابت ہورہے ہیں جس سے عوام کا حکومت پر مزید ا عتماد بڑھا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں