وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدار ت 8فروری تا12فروری ہونے والی امن19 نیوی کی مشقوں کے مجموعی انتظامات کے حوالے سے اجلاس

شہر کی خوبصورتی اور مناسب سیکوریٹی انتظامات کے حوالے سے تمام تر ضروری اقدامات کیئے جائیں، سید مراد علی شاہ

جمعہ 11 جنوری 2019 23:04

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدار ت 8فروری تا12فروری ہونے والی امن19 نیوی کی مشقوں کے مجموعی انتظامات کے حوالے سے اجلاس
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2019ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 8فروری تا12فروری ہونے والی امن19 نیوی کی مشقوں کے مجموعی انتظامات کے حوالے سے وزیر اعلی ہائوس میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈویژنل انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ وہ اس شہر کی خوبصورتی اور مناسب سیکوریٹی انتظامات کے حوالے سے تمام تر ضروری اقدامات کریں۔

اجلاس میں میئر کراچی وسیم اختر، وائس ایڈمرل آصف خالق،وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر، کمشنر کراچی افتخار شالوانی، ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ ، صوبائی سکریٹریز، کورپس ہیڈ کوارٹر ، پاکستان نیوی ، ڈی جی رینجرز کے نمائند وں اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وائس ایڈمرل آصف خالق نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ پاکستان نیوی سال 2007 سے ہر دو سال کے بعد ملٹی نیشنل میری ٹائم امن مشقیں کررہی ہے اور یہ امن مشقوں کی چھٹی سریز ہے جو کہ کراچی میں 8 فروری تا 12 فروری 2019 تک منعقد ہو گی۔

وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ ان مشقوں کا اہم مقصد دنیا میں مختلف نیول فورسز کے ساتھ مل کر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہے ۔ اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد پاکستان کا دنیا میں علاقائی امن میں شراکت کو اجاگر کرنا ہے ۔ واضح رہے کہ امن مشق۔19 ایک بہت بڑا ایونٹ ہے جس میں 40 ممالک جہازوں، ائیرکرافٹ، خصوصی آپریشن فورس اور آبزرور کے ساتھ شرکت کرنے جارہے ہیں ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مشقوں کے دوران مختلف ثقافتی ایونٹس،تاریخی مقامات کے ٹوورز، بین الاقوامی بینڈ ڈسپلے اور کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ ان مشقوں کے حوالے سے ایک انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس کا بھی انعقاد کیاجائے گا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے میئر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ شہر کو خوبصورت بنائیں اور تجاوزات کے خاتمے کے بعد پڑے ہوئے ملبے کو اٹھانے کاکام بھی شروع کرے۔انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو بھی ہدایت کی کہ وہ پاکستان نیوی کے ساتھ مشاورت کرکے سیکوریٹی کے تمام تر ضروری انتظامات کریں ۔ اسی طرح کی ہدایات انہوں نے پاکستان رینجرز کو بھی دیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں