کراچی میں رینجرز کی کارروائی، قتل میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

جمعہ 11 جنوری 2019 23:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2019ء) قائد آباد کے علاقے ملیر ندی سے 18 دسمبر 2018 ء کو ایک لاش بر آمد ہوئی تھی جسے قتل کر کے ملیر ندی کی جھاڑیوں میں پھینک دیا گیا تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز (سندھ) نے تحقیقات کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے قتل کے محرکات کا جائزہ لیتے ہو ئے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر الآصف اسکوائر اور قائد آباد کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دونوں ملزمان عبدالصمد ولد محمد ربانی اور پردیس خان ولد محمد ربانی کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مقتول نمروز عرف نوروز خان ولد محمد اکبر کو غیرت کے نام پر قتل کرکے اس کی لاش کو ملیر ندی کی جھاڑیوں میں پھینک دیا تھا۔ مقتول کوئٹہ کا رہائشی تھا اور چمن سے کراچی چلنے والی بس کا ڈرائیور تھا۔ دونوں ملزمان کو برآمد کئے گئے اسلحے سمیت قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں