وزیر اعلی سندھ کی آرٹس کونسل کے انتخابات میں نو منتخب عہدیداران اور گورننگ باڈی کے اراکین کومبارکباد

جمعرات 17 جنوری 2019 00:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے آرٹس کونسل کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر نو منتخب عہدیداران اور گورننگ باڈی کے اراکین کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج میں بہت خوش ہوں اور وزیراعلی بننے کے چند دن بعد ہی آزادی فیسٹیول کے سلسلے میں یہاں آیا تھا اور پاکستان کا جھنڈا بلند کیا تھا مگر اس وقت یہاں ایک نامکمل ڈھانچہ کھڑا تھا اور میں نے احمد شاہ سے کہا تھا کہ یہ بلڈنگ کیوں ادھوری پڑی ہے ، انہوں نے کہا کہ پیسے نہیں ہیں تو میں نے کہا کہ شاہ صاحب اسے جلد مکمل کریں ، اگلے جشن آزادی پر میں اس پر جھنڈا لہرائوں گا اور جو بھی فنڈ تکمیل کے لیے چاہیے وہ ہم نے فراہم کیے اور مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ آج میں اس کی جگہ ایک شاندار عمارت دیکھ رہا ہوں جس میں جدید اکیڈمیاں ، لائبریری، اسٹوڈیوز ، ہال ، گیلریاں اور بہت کچھ ہے گویا کہ علم و ثقافت کا مرکز ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ احمد شاہ قومی ثقافتی کانفرنس ، فیض فیسٹیول اور ورلڈ کلچر سمیت، بین الاقوامی معیار کے پروگرام کرنے جا رہے ہیں۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ باتیں آرٹس کونسل میں گورننگ باڈی کے منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء سید سردار شاہ ،باری پتافی اور مرتضی وہاب بھی موجودتھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آرٹس کونسل کو یقین دلاتے ہیں کہ سندھ حکومت بلاول بھٹو کی قیادت میں ایسی بہترین سرگرمیوں پر آرٹس کونسل کو مالی معاونت سمیت ہر طرح کی سپورٹ فراہم کرے گی، آرٹس کونسل نے بہت شاندار کام کئے ہیں اس کا حسن یہ ہے کہ یہاں گذشتہ 64 برسوں سے انتخابات ہوتے ہیں اور جمہوری روایات کو برقرار رکھا جاتا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم اس شہر کی تعمیر پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، اب ہم امن وامان کو یقینی بنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے وعدہ کیا تھا اور پی ایس ایل 2018 ء کا فائنل کراچی میں کرایا جائے گا، اب کراچی میں پی ایس ایل کے پانچ میچز ہوں گے، یہ سب بہترامن و امان کا نتیجہ ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں