ملک لوٹنے والا ٹولہ اپنے بچائو کے لیے سرجوڑ کر بیٹھ گیاہے،حلیم عادل شیخ

ن لیگ اور پیپلز پارٹی والے محاذآرائی کی سیاست کو فروغ دے کر بے چینی پیدا کر رہے ہیں، پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی سندھ

جمعرات 17 جنوری 2019 19:52

ملک لوٹنے والا ٹولہ اپنے بچائو کے لیے سرجوڑ کر بیٹھ گیاہے،حلیم عادل شیخ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان لوٹنے والا ٹولہ وفاقی حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے ، پاکستان کے مسائل پر اکٹھے ہونے کے بجائے سارے چور اپنے بچائو کے لیئے اکٹھے ہوگئے ہیں ان تمام چوروں کا اکٹھا ہونا یہ بات ثابت کرتا ہے کہ ملک میں اب ایک ایماندار تھانے دار آ چکا ہے ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ والے چاہتے ہیں کہ ہم ان کی کرپشن کی داستانیں عوام کو سنانا بند کردیں ، پی پی اور ن لیگ والوں نے جب بھی آپس میں سر جوڑے ہیں ملک میں افراتفری اور بحرانوں نے ہی جنم لیا ہے ،ان خیالات کااظہار انہوںنے تحریک انصاف سندھ کے میڈیا سیل سے جاری ہونے والے بیان میں کیا،ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے خلاف تحریکیں شروع کرنے والے اپنے بچائو کا سوچ لیں تو ان کے لیے زیادہ بہتر ہوگا، وفاقی حکومتوں کی پالیسیوں کی سمت درست ہے ، سابقہ حکومت نے اس قدر بگاڑ اور پریشانیوں کے پہاڑ کھڑے کیے تھے جن کو سر کرنا آسان کام نہیں ہے اس کے باوجود عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے تحریک انصاف تیز ی سے کام کر رہی ہے اور جو سندھ حکومت کے کرنے کے کام ہیں وہ بھی ہم ہی کر رہے ہیں ،انہوںنے کہاکہ قوم بے وقوف نہیں ہے و ہ جانتی ہے کہ ملک کے حالات سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے خراب ہوئے احتسا ب بلا تفریق ہو رہا ہے مگر جو چور ہیں چیخیں صرف ان ہی کی سنائی دے رہی ہیں ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی محاذآرائی کی سیاست کو فروغ دے کر ملک میں بے چینی پیدا کر رہی ورنہ کل کے دشمن آج بھائی بھائی کیسے بن سکتے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں دنیا نے یہ دیکھا کہ جن جن لوگوں نے ملک کو لوٹا اور قومی خزانے کو لوٹا آج وہ سب اپنے بچائو کے لیے ایک دوسر ے کاساتھ دے رہے ہیں وزیراعظم اوران کی ٹیم ملک میں بڑے بڑے چیلجنزاور امتحانوں سے گزر کر ملک کو اب تیزی ترقی کی جانب لے کر جارہی ہے ، ، زردار ی اور نواز کی جوڑی اکٹھا ہونا ملک کے لیے نہیں بلکہ اپنے لوٹ مار کے پیسے کا تحفظ ہے انہوںنے کہاکہ سندھ کے وسائل میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی اور نہ ہی پیسے روکے جائیں گے ، سندھ کا بجٹ سندھ کی عوام پر خرچ ہونا چاہیے نہ کہ انور مجید جیسوں پر لٹا یا جائے، فوا د چوہدری تحریک انصاف کی ہر دلعزیز رہنماء ہیں ، فواد چوہدری سندھ کے اراکین بشمول کارکنوں کے دلوں میں بستے ہیں ، پیپلز پارٹی کے رہنماء عوام کے لیئے نہیں اپنی کرپشن کے لیئے فنڈ کا رونا رو رہے ہیں ،انہوںنے کہاکہ پی پی کے دور حکومت میں 391ارب روپے واپس ہو گئے ، جعلی اکائونٹس اومنی گرو پ کی جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی ہے ، علیمہ خان سپریم کورٹ میں پیش ہوکر اپنی منی ٹریل دے چکی ہیں ، انہوںنے مزید کہاکہ اربوں روپے کے فنڈ ہونے کے باوجود سندھ کی عوام کو صحت کی سہولیات میسر نہیں ، ایسے وزراء کو شر م آنی چاہیے جو شوکت خانم پر بیان بازی کرتے ہیں ، شوکت خانم ہسپتال 75فیصد عوام کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کرتا ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں