مرکزی حکومت پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف مذموم اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہی ہے ،سید خورشید شاہ

حکمران عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپوزیشن قائدین کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کرکے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتے ہیں،سردارسربلند جوگیزئی سے ملاقات کے دوران بات چیت

ہفتہ 19 جنوری 2019 19:12

مرکزی حکومت پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف مذموم اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہی ہے ،سید خورشید شاہ
کراچی /کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ سے ہفتہ کو انکی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے ملاقات کی ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی کونسل ممبر ملک عیسی خان ملازئی اور عبدالمتین خان خلجی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور وفاقی حکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سید خورشید شاہ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی مرکزی حکومت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری ، فریال تالپور ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف مذموم اور بے بنیاد پروپیگنڈے کر رہی ہے اور جے آئی ٹی کی رپورٹ کو بنیاد بناکر پارٹی قائدین کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین نے پہلے بھی جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کا سامنا کیا اوراب بھی جھوٹے مقدمات کا سامنا کرتے ہوئے سرخرو ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گیس ، بجلی ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے اورعوام مہنگائی کے ہاتھوں دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں لیکن حکمران عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپوزیشن قائدین کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کرکے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتے ہیں لیکن اس میں انہیں کامیابی نہیں ملے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں