صدر پاکستان کی گورنر سندھ کے ہمراہ ملائیشین ڈپٹی منسٹر برائے پرائمری انڈسٹریز سے ملاقات

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:43

صدر پاکستان کی گورنر سندھ کے ہمراہ ملائیشین ڈپٹی منسٹر برائے پرائمری انڈسٹریز سے ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) ملائیشیا کے ڈپٹی منسٹر برائے پرائمری انڈسٹریز Datuk Sri Shamsul Iskandar Mohd Akinکی سربراہی میں نو رکنی وفد نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل سے سندھ گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ شرکانے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلق کو مزید فروغ دینے، تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ موجودہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے اس ضمن میں درپیش مسائل اور رکاوٹوں کو دور کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے وفد کو اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سیکریٹری کو ہدایات دی کہ وہ پام آئل کی صنعت سے وابستہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل فوری حل کریں تاکہ اس صنعت میں بیرونی سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جاسکے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفاقی حکومت کی جانب سے عوامی بہبود کے منصوبوں ، کراچی انفرااسٹر کچر کی بحالی، ماس ٹرانزٹ کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر منصوبوں کے بارے میں وفد کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ گورنر سندھ نے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ملائیشیا کے ٹوریسٹ گروپس کو پاکستان میں موجود سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پر امن اور خوبصورت پاکستان آپ کا منتظر ہے۔

اس موقع پر وفد کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی پر گورنر سندھ نے کہا کہ باہمی کاوشوں کا حسین امتزاج یقینی طور پر پاکستان کی موجودہ صورت حال کو بہتری و تبدیلی کی جانب گامزن کرے گا جو کہ درحقیقت حکومت پاکستان کا مشن و اولین مقصد ہے۔ ملائیشین ڈپٹی منسٹر برائے پرائمری انڈسٹری نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد پاکستان میں ملائیشین مصنوعات کی درآمدکو مزید بڑھانے اور مارکیٹس میں مصنوعات کی مانگ میں اضافے میں حائل رکاوٹوں کو حل کرنا شامل ہے۔ انہوں نے ملائیشین سرمایہ کار پاکستان میں پام آئل کی صنعت میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں