دوستانہ بین البرِاعظمی میچ، افریقی فٹ بال ٹیم نے ایشین الیون کو 2 صفر سے ہرا دیا

اتوار 20 جنوری 2019 20:30

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2019ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں ہفتے کو افریقی اور ایشیائی طالب علموں پر مشتمل فٹ بال ٹیموں کے درمیان ایک دوستانہ بین البرِاعظمی میچ ہوا جسے افریقی الیون نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2-0 گول سے اپنے نام کرلیا۔ جمہوری کیمرون کے اعزازی کونسل جنرل سید عبدالباری جلانی اس میچ کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ سابق محتسبِ اعلیٰ سندھ سابق جسٹس صلاح الدین مرزا، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری،جمہوری کیمرون کے اعزازی ڈپٹی کونسل جنرل سید ندیم باری جلانی اوربین الاقوامی مرکز کے فیکلٹی ممبرز، طلبہ و طالبات اور اسٹاف بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق میچ کے پہلے مرحلے کے انیسویں منٹ میں افریقہ الیون نے ایشین الیون پر ایک صفر کی برتری حاصل کرلی تھی، یہ مرحلہ سخت مقابلے کے بعد تمام ہوا جبکہ کھیل کے دوسرے مرحلے میں تیسویں منٹ گزرنے کے بعد افریقی الیون کھیل کا دوسرا گول کرنے میں کامیاب ہوئی، اس کے ساتھ افریقی الیون نے 2-0 سے فتح اپنے نام کرلی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوھدری نے کھیل کے اختتام پر اپنے اختتامی کلمات میں دونوں ٹیموں بالخصوص افریقی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی طالب علموں کو اُن کی شدید تعلیمی و تحقیقی مصروفیات سے علیحدہ ایک مثبت سرگرمی فراہم کرنے کے لئے یہ دوستانہ فٹبال میچ منعقد کیا گیا، انھوں نے جمہوری کیمرون کے اعزازی کونسل جنرل سید عبدالباری جلانی کا اُن کی شرکت پر شکریہ ادا کیا، آخر میں جمہوری کیمرون کے اعزازی کونسل جنرل نے فاتح ٹیم کو ٹرافی جبکہ کھلاڑیوں کو دیگر انعامات عطا کیے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں