سرگودہین سپرٹ ٹرسٹ پبلک ا سکو ل کا یومِ تاسیس

پیر 21 جنوری 2019 23:30

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) ٹنڈو اللہ یار کے نواح میں واقع راشد آباد میں سرگودہینز سپرٹ ٹرسٹ پبلک اسکول کا پیر کو یومِ تاسیس منایا گیا۔ اسد قیصر، اسپیکر قومی اسمبلی اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کے دوران مہمانِ خصوصی نے سرگودہین اولڈ بوائز ایسوسی ایشن (SOBA) کی کاوشوں کو سراہا اور اس ادارے کی شاندار کارکردگی پر سرگودہین سپرٹ ٹرسٹ پبلک ا سکول کے پرنسپل اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔

انہوں نے طلباء کو محنت کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں مقصد کا تعین کریں اور پھر اس کے حصول کے لئے بھرپور جدوجہد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تدریس ایک اعلی پیشہ ہے اور اساتذہ نوجوان طلباء کو کارآمد شہری بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

طلبہ نے اس موقع پر لوک رقص اور ملی نغموں کے علاوہ جمناسٹک کے شاندار مظاہر ے کے ذریعے حاضرین کو محظوظ کیا۔

مہمان خصوصی نے ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں کار ہائے نمایاں سر انجام دینے والے طلبہ میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ سرگودہینز سپرٹ ٹرسٹ ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جس کی بنیاد سرگودھا اولڈ بوائز ایسوسی ایشن (پی اے ایف کالج سرگودھا کے سابق طلبا) نے اس مقصد کو سامنے رکھ کر بنائی کہ پاکستان کے تمام صوبوں میں بہترین تعلیمی مراکز قائم کئے جائیں گے، یہ سرگودہینز کے اس جذبہ کامظہر ہے کہ جو معیاری تعلیم انہوں نے اپنی مادرِ علمی سے حاصل کی اسے وہ پاکستان کی نوجوان نسل کو منتقل کریں گے۔

یہ ا سکول اندرونِ سندھ میں قائم ہونے والا پہلا اسکول ہے جہاں معاشرے کے مستحق طلبا کو مفت تعلیم دی جاتی ہے۔ یہ ٹرسٹ پورے پاکستان ، آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبا کو وظائف دینے کیلئے مخیر حضرات کے فنڈز پر انحصار کرتا ہے۔ اسکول کے پرنسپل ایئر کموڈور (ر) نیر قیوم خواجہ نے اپنی تقریر میں معزز مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور ادارے کی شاندار کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آئی جی سی ایس ای اور اے ۔ لیول کے امتحانات میں نمایاں کامیابیاں سمیٹنے والے طلبہ نیز ملکی، صوبائی اور اسکول کی سطح پر ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں کار ہائے نمایاں سر انجام دینے والے طلبہ اور اساتذہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں