کرپشن معاشرتی ناسور بن چکا ہے، باہمی تعاون ہی اس کا سدباب ہے، مرتضی وہاب

چیئرمین اینٹی کرپشن مختار سومرو نے مرتضی وہاب کو 2018 ء کی مفصل رپورٹ پیش کی

منگل 22 جنوری 2019 22:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے اینٹی کرپشن، قانون و اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کرپشن جیسے ناسور نے ہمارا معاشرتی ڈھانچہ برباد کر کے رکھ دیا ہے اور ہمیں مل جل کر اس ناسور کا سدباب کرنا ہوگا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق اس بات کا اظہار انہوں نے منگل کو چیئرمین اینٹی کرپشن سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں چیئرمین اینٹی کرپشن مختار احمد سومرو نے اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی مفصل رپورٹ مشیر اینٹی کرپشن کو پیش کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پچھلے سال 2018 ء میں صوبہ سندھ میں اینٹی کرپشن کی کمیٹیوں کے کل 114 اجلاس منعقد ہوئے۔ اینٹی کرپشن کمیٹی ون ، ٹو اور تھری کے تینوں زون کے تحت 319 ایف آئی آر کا اندراج ہوا اس کے علاوہ1017 انکوائریاں کی گئیں جس کے تحت 2360 افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی جبکہ 665 انکوائریاں عدم شواہد کی بنا پر خارج کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاو ہ 76 انکوائریاں ڈیفر کی گئیں۔ مزید برآں 111 مقدمات کو شواہد ملنے کی بناء پر دوبارہ تحقیقات کے لئے درج کیا گیا۔ اس طرح اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی تینوں کمیٹیوں میں چار ہزار چھ سو دس کیسز کا اندراج ہوا۔ مشیر اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے چیئرمین اینٹی کرپشن مختار احمد سومرو اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیاض علی عباسی کو ہدایت دی کہ کرپشن کے معاملہ میں کسی بھی شخص سے اس کے عہدہ کے لحاظ سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنا ہم سب کا اجتماعی فریضہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں