رفاعی پلاٹوں کو غیرقانونی قابضین سے خالی کرانے کے لئے مزید 5افسران کو تعینات کیا ہے ،میئر کراچی

بدھ 23 جنوری 2019 18:46

رفاعی پلاٹوں کو غیرقانونی قابضین سے خالی کرانے کے لئے مزید 5افسران کو تعینات کیا ہے ،میئر کراچی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے شہر میں پارکوں کے لئے مختص قطعہ اراضی سے غیرقانونی تعمیرات مسمار کرنے اور رفاعی پلاٹوں کو غیرقانونی قابضین سے خالی کرانے کے لئے پارکس اینڈ ہارٹی کلچر ڈپارٹمنٹ میں مزید چار افسران اور پانچ انجینئرز کو تعینات کیا ہے جن میں ایگزیکٹو انجینئر (سائوتھ ) طارق عزیز ، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کبیر بھٹی، سب انجینئر (سول) محسن سرور، اسسٹنٹ انجینئر شکیل احمد، سب انجینئر ایم اشرف کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم احمد، ناصر خان، عقیل خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر حماد جیلانی شامل ہیں، مذکورہ بالا افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی نگرانی میں اور ان کی زیر ہدایت تجاوزات کے خاتمے کا کام انجام دیں، اس اقدام کا مقصد پارکوں کی زمین پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے فوری کارروائی کرنا ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بیک وقت کارروائی شروع کی جائے گی، واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر کراچی میں فٹ پاتھ، نالوں، پارکس اور رفاعی پلاٹس پر قائم تجاوزات کے خلاف تمام شہری اداروں کے اشتراک سے مہم جاری ہے جس کا مقصد شہریوں کو تجاوزات کے باعث ہونے والی مشکلات سے نجات دلانا اور تاریخی عمارتوں کو ان کی اصل حالت میں بحال کرنا ہے،انسداد تجاوزات کی مہم کو موثر بنانے کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے متعلقہ محکموں کے افسران و دیگر عملے کو متحرک کردیا ہے اور جن محکموں میں عملے کی ضرورت ہے وہاں ضروری عملہ بالخصوص ٹیکنیکل اسٹاف فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ انسداد تجاوزات کی کارروائی میں عملے کی کمی حائل نہ ہوسکے اور شہر کے تمام پارکس اور تفریحی مقامات کو جلد از جلد تجاوزات سے پاک کیا جاسکے، میئر کراچی وسیم اختر نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کریں اور مقررہ مدت کے اندر تمام اہداف حاصل کریں، انہوں نے کہا کہ پارکس ڈپارٹمنٹ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ شہر میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام تمام پارکس کی دیکھ بھال اور مرمت اسی محکمے کی ذمہ داری ہے لہٰذا پارکس ڈپارٹمنٹ میں تعینات تمام افسران اور انجینئرز محکمے کی ملکیت تمام اراضی کے درست استعمال اور ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ تجاوزات مافیا کو کسی بھی پارک کی جگہ پر قبضہ کرنے سے روکا جاسکے اور پارکس کو خالصتاً تفریحی مقاصد کیلئے استعمال میں لایا جائے، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پارکس ڈپارٹمنٹ تجاویز بھی پیش کرے کہ کے ایم سی پارکس میں سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لئے کون سے اقدامات ضروری ہیں، وسائل کی کمی کے باوجود بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو ان کی رہائش گاہ کے قریب بہتر سے بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی کی کوششیں جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں