ملک کا اقتصادی مستقبل کراچی کی معاشی ترقی میں مضمر ہے۔گورنر سندھ

بدھ 23 جنوری 2019 23:18

ملک کا اقتصادی مستقبل کراچی کی معاشی ترقی میں مضمر ہے۔گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پچھلے ادوار کے مقابلے میں آج کے نئے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری، سیاسی، سماجی، معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کے لئے بھرپور مواقع میسر ہیں۔ صوبہ سندھ باالخصوص شہر کراچی میں زندگی بھرپور طریقہ سے لوٹ آئی ہے، عوام کا حکومت پر اعتماد بحال ہونا خوش آئند امر ہے۔

صوبہ کے امن قائم کرنے میں رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں نے بے مثال قربانیاں دیں ۔ موجودہ حکومت اور عسکری قیادت پُر عذم ہے کہ ان کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگا نہیں جانے دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 48 ویں پاک نیوی اور 16 ویں کارسپانڈینس اسٹاف کورس میں شرکت کرنے والے ملکی و غیر ملکی افسران کے وفد سے گورنر ہائوس میں خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

وفد کی قیادت کمانڈنٹ پاک نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی کررہے تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ملک کی دفاع، نظریات کی حفاظت اور نت نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جدید تربیت اہمیت کی حامل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کی ملکی معیشت میں نمایاں حیثیت ہے اس ضمن میں شہر کی اصل خوبصورتی کی بحالی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے کراچی آئیڈیل شہر بن چکا ہے، ملک کا اقتصادی مستقبل کراچی کی معاشی ترقی میں مضمر ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وفاق کے زیرِ انتظام چلنے والے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے کراچی ٹرانسٖفارمیشن کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ کراچی کے انفرا اسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے مکمل کیا جاسکے۔ اس ضمن میں کراچی میں جاری گرین لائن منصوبہ عوام کو تیز ترین ذرائع آمدورفت، ٹریفک کے دبائو کو کم کرنے اور معاشی و سماجی سرگرمیوں میں اضافہ میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ذرائع آمدورفت سمیت تعلیم، صحت، انفرا اسٹرکچر اور دیگر شعبوں کی بہتری پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کا معیار زندگی بلند کیا جاسکے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کی اصل خوبصورتی بحال کرنے کے لئے شہر میں موجود تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارتوں کی اہمیت کو اُجاگر کرکے ہم شہر کے اصل کلچر کو دنیا کے سامنے روشناس کروا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی رونقیں واپس آنا شروع ہوگئی ہیں۔ وفد کے سربراہ ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ کورس میں 97 افسران حصہ لے رہے ہیں جن میں سے 73کا تعلق پاکستان کی مسلح افواج سے ہے جبکہ دیگر 24 نمبر ملکی مسلح افواج سے تعلق رکھتے ہیں۔ وفد کے اراکین نے گورنر سندھ سے صوبہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں، انسداد تجاوزات، امن و امان کے لئے کئے جانے والے اقدامات سمیت گورنر کے آئینی کردار و ذمہ داری کے حوالے سے متعلق سوالات بھی کئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں