بھارت کی جانب سے پاکستان کا ایم ایف این درجہ ختم کرناعلامتی اقدام ہے، اسلام آباد چیمبر

تجارتی توازن بھارت کے حق میں ، پاکستانی معیشت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، شاہد رشید بٹ بھارت پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل کروانا چاہتا ہے،پاکستان کو تنہا کرنے کی سازشیں ناکام ہونگی

اتوار 17 فروری 2019 15:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کا موسٹ فیورڈ نیشن (پسندیدہ ریاست) کا درجہ ختم کر دیا ہے جو ایک علامتی اقدام ہے جس سے ہماری معیشت پر منفی اثر نہیں پڑے گا ۔بھارت نے پاکستانی برامدات پر دو سو فیصد تک کسٹم ڈیوٹی بھی عائد کر دی ہے جو مکمل پابندی عائد کرنے کے مترادف ہے اس لئے پاکستان بھی جوابی اقدام کے طور پر 1209 اشیاء پر مشتمل منفی فہرست میں فوری طور پر توسیع کرکے انکی درامدات بند کرے۔

شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے پاکستان کو تئیس سال قبل پسندیدہ ریاست قرار دیا تھا مگر ساتھ ہی مختلف محصولاتی و غیر محصولاتی رکاوٹیں بھی عائد کر دی تھیں اس لئے دو طرفہ تجارت چند ارب ڈالر تک محدود رہی جس کا توازن ہمیشہ بھارت کے حق میں ہی رہا۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال پاکستانی برامدات پانچ سو ملین ڈالر کے کم جبکہ بھارت سے درامدات ڈھائی ارب ڈالر سے زیادہ رہیں اس لئے تجارتی جنگ میں زیادہ نقصان بھارت کا ہی ہو گا۔

پاکستانی برامدات میں فروٹ، سیمنٹ، چمڑا، کیمیکل اور مصالحے وغیرہ شامل ہیں جبکہ بھارت سے کپاس، رنگ، کیمیکل، سبزیاں، لوہا اورفولاد درامد کیا جاتا ہے۔ تجارتی کشمکش سے پاکستان کے سیمنٹ کے شعبہ پر معمولی اثر پڑے گا جبکہ ٹیکسٹائل کی صنعت کی کاروباری لاگت میں کچھ اضافہ ہو سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ کے بجائے بلیک لسٹ میں شامل کروانے اور ہماری عالمی تنہائی کیلئے کوشاں ہے مگر اسکی سازشیں ناکام ہونگی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں